امریکہ میں پاکستان کی سفارتکاری کامیابی سے جاری ہے: سفیرِ پاکستان

جنگ میں فتح کے بعد جو مقام پاکستان کو ملا وہ پہلے نہیں تھا: رضوان سعید شیخ
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2026 10:46am

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو جو عالمی مقام ملا ہے وہ اس سے پہلے کبھی حاصل نہیں تھا۔ رضوان شیخ کے مطابق پاکستان دنیا کے ایک نہایت حساس خطے میں واقع ہے اور اسی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

رضوان شیخ نے ہفتے کو واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جسے دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

سفیرِ پاکستان نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط مضبوط ہوئے ہیں اور مختلف شعبوں میں بات چیت اور تعاون کا دائرہ وسیع ہوا ہے۔

انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی فعال سفارتکاری کا نتیجہ قرار دیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کی سفارتکاری کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور پاکستانی موقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کو ایک سنجیدہ اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

میڈیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ رائے عامہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سفارتکاری کے عمل میں خود ایک مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور اس عمل میں میڈیا کو بھی شراکت دار سمجھتے ہیں۔

ان کے مطابق قومی مفاد کے فروغ کے لیے سفارتکار اور میڈیا دونوں کو مل کر کام کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مثبت تشخص مزید مضبوط کرے گا اور امریکہ سمیت دیگر اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Pakistan Ambassador

US Pakistan Relations

Rizwan Saeed Sheikh