آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ سڈنی کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا ایشیز سیریز کا پنک بال ٹیسٹ ان کے کیرئیر کا آخری میچ ہوگا۔
عثمان خواجہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے کھلاڑی تھے اور وہ 88 واں ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہیں گے۔ 39 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 15 سالہ طویل کیریئر میں 6 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ نے میدان کے باہر بھی عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے ایک نمایاں میراث قائم کی۔ وہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔
عثمان خواجہ کو 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزازات سے نوازا گیا تھا، جبکہ وہ اسی سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ سب سے نمایاں احساس قناعت کا ہے، وہ آسٹریلیا کی جانب سے بڑی تعداد میں میچز کھیلنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ لوگوں کے لیے باعثِ تحریک بنے ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ عثمان خواجہ نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے بھی انہوں نے ایک مثبت تاثر چھوڑا اور وہ ایک اسٹائلش اور شاندار بیٹر رہے ہیں۔
ٹوڈ گرین برگ نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے اور ان کی کامیابیوں پر انہیں مبارکباد دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ اب تک 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گا۔
















