ترک، ایران سرحد پر جاں بحق دو پاکستانیوں کی میتیں وطن منتقل
ترکیہ اور ایران کی سرحد کے قریب بھوک اور شدید سردی سے جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کی میتیں تفتان بارڈر کے ذریعے وطن پہنچا دی گئی ہیں۔ دونوں نوجوان غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش کے دوران انسانی اسمگلروں کا شکار ہوئے تھے۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے ارمان اللہ ولد گل رحمٰن اور احتشام ولد مختار گل ترکیہ کے راستے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ راستے میں سخت موسم اور بھوک کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق دونوں پاکستانی انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں نہ آئیں اور بیرونِ ملک سفر کے لیے ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کریں۔
میتوں کو سفارتی اور سرکاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد تفتان بارڈر سے پاکستان منتقل کیا گیا، جہاں انہیں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔














