علی ظفر کے نئے گانے ’رخسانہ‘ نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا
پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقارعلی ظفر نے طویل وقفے کے بعد موسیقی کی دنیا میں زبردست واپسی کرتے ہوئے اپنا چوتھا اسٹوڈیو البم ’روشنی‘ ریلیز کر دیا ہے۔
15 برس بعد سامنے آنے والا یہ البم ریلیز ہوتے ہی موسیقی کے شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا، خاص طور پر اس کا گانا ’رخسانہ‘ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو گیا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
12 گانوں پر مشتمل یہ البم جدید اور روایتی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے، جس میں پاپ، ہپ ہاپ، الیکٹرانک، ڈیپ ہاؤس اور کلاسیکل جیسے منفرد میوزیکل اسٹائل شامل کیے گئے ہیں۔
علی ظفر نے اس البم کے ذریعے اپنے بدلتے ہوئے فنی سفر اور تخلیقی پختگی کو بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔
’روشنی‘ کی ایک خاص بات اس میں شامل بین الاقوامی اور مقامی فنکاروں کی شمولیت ہے۔ البم میں علیسٹر الون، طلحہٰ انجم، ڈی جے شاہ رخ اور علی حیدر کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کیے گئے گانے شامل ہیں، جنہوں نے موسیقی کو ایک نیا اور عصری رنگ دیا ہے۔
یہ اشتراک مختلف موسیقی ثقافتوں کو ایک ساتھ جوڑتا ہے اور البم کو عالمی معیار کی پہچان دیتا ہے۔
البم کے آرٹسٹ نوٹ میں علی ظفر نے ’روشنی‘ کو روشنی اور سائے کے درمیان ایک جذباتی سفر قرار دیا ہے۔
البم کے ساتھ ہی ’رخسانہ‘ کا میوزک ویڈیو بھی ریلیز کیا گیا ہے، جسے لاس اینجلس میں فلمایا گیا۔ ویڈیو میں صاف، جدید اور سینیمیٹک مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں موسیقی اور موڈ کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
گانا ’رخسانہ‘ ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔ گانے کی جدید دھن، دلکش بول اور شاندار ویژولز کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
’رخسانہ‘ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند ہی دنوں میں گانے کو 30 لاکھ سے زائد ویوز حاصل ہو چکے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر مداح اس کی موسیقی، شاعری اور ویژولز کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔
















