ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں بانی ایم کیو ایم ملوث ہیں، مصطفیٰ کمال

عمران فاروق کے قتل کی ساری تفصیل ہمارے پاس موجود ہے، مصطفیٰ کمال
اپ ڈیٹ 28 دسمبر 2025 07:14pm

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر  مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین ملوث ہیں جس کی ساری تفصیل بھی موجود ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کا حال ہی میں لندن میں انتقال ہوا اور ان کی وصیت تھی کہ ان کی تدفین پاکستان میں کی جائے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا بانی ایم کیوایم ڈرامہ باز آدمی ہے، انہوں نے لاش کے لیے چندہ لینے کی اپیل کی اور ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی لاش پر ناٹک کیا۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ میت پاکستان بھیجنے کے نام پر دنیا بھر سے چندہ جمع کیا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تکیے کے نیچے سے پانچ لاکھ پاؤنڈ اور دفتر سے چھ لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے، مگر عمران فاروق کی اہلیہ کے لیے چھ ہزار پاؤنڈ بھی موجود نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران فاروق کے انتقال کے بعد اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں رکھا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ عمران فاروق کے قتل میں بانی ایم کیو ایم ملوث ہیں اور انہوں نے قاتلوں کو سالگرہ کا تحفہ دے کر ایک سنسنی خیز کھیل کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ عمران فاروق کے قتل کی تمام تفصیلات ان کے پاس موجود ہیں اور اصل قاتلوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص پوری نسل برباد کرچکا ہے اور اب بھی برباد کررہا ہے، یہ 40 سالوں میں کتنے لوگوں کو کھا گیا اور اب بھی کھا رہا ہے، عمران فاروق کے بچوں سے درخواست کرتا ہوں کہ بانی سے رابطہ نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی ایم کیو ایم لاشوں پر ’آئٹم سانگ‘ کرتے ہیں اور برطانیہ کی عدالتوں میں عمران فاروق کے قتل کے کیس کُھلوانے سے بھی گریز کرتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ بانی ایم کیو ایم گزشتہ 25 سال سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے فنڈنگ لینے کے ساتھ ساتھ مہاجروں کے حقوق کے نام پر اپنے ذاتی مفادات پورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم قومی مجرم اور ملک کا غدار ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ برطانیہ جا کر عمران فاروق قتل کیس میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں اور عوام کے لیے آواز بلند کریں گے۔