امرود کچا ہے یا پکا: خریدتے وقت صحیح پہچان کیسے کریں؟
امرود ایک لذیذ پھل ہے جو اپنے میٹھے ذائقے، خوشبو اور بے شمار صحت بخش فوائد کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔ تاہم، بازار میں ہر امرود بالکل پکا یا ذائقہ دار نہیں ہوتا۔ تھوڑی سی معلومات اور محتاط انتخاب کے ذریعے آپ ہمیشہ رسیلے اور میٹھے امرود گھر لے جا سکتے ہیں جو نہ صرف لذیذ بلکہ صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوں۔
امرود ذائقہ میں لاجواب ہونے کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھرپور بھی ہے۔ اس میں وٹامن سی میں بہت زیادہ ہوتا ہے، بعض اوقات سنتروں سے بھی زیادہ، جو قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔
امرود فائبر کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ ہاضمہ بہتر بناتا ہے اور خون میں شوگر کو متوازن رکھتا ہے۔ یہ لائکوپین اور فلاوونوئڈ جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم کو نقصان دہ اثرات سے بچاتے ہیں۔
اس میں موجود پوٹاشیم دل کی صحت کو سہارا دیتا ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہوتا ہے، جبکہ کم کیلوریز وزن کنٹرول کے لیے بھی مفید ہیں۔
بازار سے امرود خریدتے وقت صرف اس کی شکل و صورت کو نہ دیکھا جائے، کیونکہ کئی مرتبہ خوش رنگ امرود اندر سے کچا، پھیکا یا بے ذائقہ نکل آتا ہے۔
اکثر لوگ بہت سبز امرود خرید لیتے ہیں یہ سوچ کر کہ گھر پر پک جائے گا، لیکن اس سے پھل میٹھا اور خوشبودار نہیں ہوتا۔ بعض لوگ زیادہ نرم امرود پسند کرتے ہیں، جو اندر سے گِھلتا یا خراب نکلتا ہے۔
اس لیے ضروری ہے انہیں خریدتے وقت آپ کو پہچان ہو کہ کون سا امرود رسیلا ، میٹھا اور کھانے کے لیے تیار ہے۔
امرود کی مٹھاس کئی عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔ جیسے جیسے پھل پکتا ہے، اس کے اندر موجود نشاستے شکر میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جو امرود کو میٹھا اور خوش ذائقہ بناتے ہیں۔
موسم اور پیداوار بھی اہم کردارادا کرتے ہیں۔ گرم اور دھوپ والے ماحول میں اگنے والے امرود عام طور پر زیادہ خوش ذائقہ ہوتے ہیں، جبکہ ٹھنڈے یا زیادہ چھاوں والے علاقوں میں اگنے والے امرود اتنے میٹھے نہیں ہوتے۔
میٹھے امرود کی پہلی پہچان اس کے رنگ اور شکل سے کی جا سکتی ہے۔ کچے امرود عام طور پر گہرے سبز رنگ کے ہوتے ہیں، جبکہ پکنے کے بعد ان کا رنگ ہلکا سبز اور کبھی ہلکا پیلا ہو جاتا ہے۔ یہ ہلکا پیلارنگ اس بات کی علامت ہے کہ پھل کھانے کے لیے تیار ہے۔ بہت زیادہ پیلا رنگ والے امرود زیادہ پکے ہو ئے اور بد ذائقہ ہو سکتے ہیں۔
اچھے امرود کا چھلکا ہموار، صاف اور چمکدار ہوتا ہے۔ اگر چھلکے پر بہت زیادہ سیاہ دھبے، جھریاں یا کٹے پھٹے نشان موجود ہوں تو ایسے امرود نہ خریدیں، کیونکہ اس میں کیڑے بھی ہوسکتے ہیں۔۔ البتہ ہلکے نشان نقصان دہ نہیں ہوتے۔
امرود کو ہاتھ میں لے کر ہلکا سا دبائیں۔ اگر وہ بالکل پتھر کی طرح سخت ہو تو ممکن ہے کہ وہ کچا ہو، جبکہ بہت زیادہ نرم امرود زیادہ پکا ہوا یا خراب بھی ہو سکتا ہے۔ ہلکے سے نرم امرود کا ذائقہ بہترین ہوتا ہے۔
وزن بھی ایک اہم اشارہ ہے۔ ایک اچھا اور رسیلا امرود اپنے سائز کے مقابلے میں قدرے بھاری محسوس ہوتا ہے، جبکہ ہلکا امرود اندر سے خشک یا بے رس ہو سکتا ہے۔
خوشبو کو نظرانداز نہ کریں۔ پکاہوا اور میٹھا امرود ہلکی سی قدرتی خوشبو دیتا ہے۔ اگر بالکل خوشبو نہ آئے تو وہ پوری طرح پکا نہیں ہوتا اور اگر بدبو یا تیز ناگوار بو آئے تو وہ خراب ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔
کاٹنے کے بعد امرود کا گودا بھی دیکھیں۔ تازہ امرود کا گودا سفید یا ہلکے گلابی رنگ کا ہوتا ہے، جبکہ بہت زیادہ بھورا، پانی دار یا بد رنگ گودا اس کےخراب ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
تھوڑی سی توجہ اور سمجھداری کے ساتھ رنگ، خوشبو، وزن اور بناوٹ کو مدنظر رکھ کر آپ بازار سے ہمیشہ میٹھا، تازہ اور ذائقہ دار امرود خرید سکتے ہیں، جو صحت اور ذائقے دونوں کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوگا۔
















