تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق

تھائی لینڈ کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی 3 روز سے جاری مذاکرات کے بعد ہوئی ہے، خبر ایجنسی
شائع 27 دسمبر 2025 11:07am

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے ہفتوں سے جاری شدید سرحدی جھڑپوں کو روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ہفتے کو دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے نتیجے میں حالیہ برسوں کی بدترین لڑائی کا خاتمہ ہوا، جس میں جنگی طیاروں کی پروازیں، راکٹ حملے اور توپ خانے کی شدید گولہ باری شامل رہی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے جنگ بندی سے متعلق مشترکہ بیان میں کہا کہ دونوں فریق موجودہ فوجی تعیناتی برقرار رکھنے پر متفق ہیں اور کسی بھی قسم کی مزید نقل و حرکت نہیں کی جائے گی۔ خبر ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی 3 روز سے جاری مذاکرات کے بعد ہوئی ہے۔

کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی اضافی فوجی امداد کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے گی اور صورتحال کے طویل المدتی حل کی کوششوں پر منفی اثر ڈالے گی۔

یہ معاہدہ تھائی لینڈ کے وزیر دفاع نتھافون ناکرپھنیٹ اور ان کے کمبوڈین ہم منصب تیا سیہا کے درمیان طے پایا، جس کے ساتھ ہی 20 دن تک جاری رہنے والی لڑائی کا اختتام ہوگیا۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 101 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دونوں جانب سے پانچ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔

یہ جھڑپیں دسمبر کے اوائل میں اس وقت دوبارہ شروع ہوئی تھیں جب اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی پر عمل نہیں ہوا تھا، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی کوششوں سے طے کیا گیا تھا تاکہ لڑائی کے پچھلے دور کو روکا جا سکے۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے مختلف غیر واضح حصوں پر خودمختاری کا تنازع چلا آ رہا ہے، جو وقتاً فوقتاً جھڑپوں اور لڑائی کی صورت اختیار کرتا رہا ہے۔

Donald Trump

ceasefire agreement

thailand

thailand cambodia conflict

thailand cambodia war