کیا دانت نکلوانے سے نظر کمزور ہو جاتی ہے؟
اکثر لوگوں کے ذہن میں یہ خدشہ ہوتا ہے کہ اگر دانت نکلوا لیا جائے تو آنکھوں کی بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی خوف کی وجہ سے کئی افراد شدید تکلیف کے باوجود دانت نہیں نکلواتے۔ تاہم ماہرینِ صحت اس تاثر کو ایک غلط فہمی قرار دیتے ہیں۔
امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق دانت نکالنے اور آنکھوں کی بیماری کے درمیان کسی بھی قسم کے تعلق کے شواہد نہیں ملتے۔
البتہ دانت نکلوانے کے بعد کچھ وقت کے لیے آنکھوں میں کھنچاؤ یا تھکن جیسی علامات محسوس ہو سکتی ہیں، لیکن یہ علامات براہِ راست دانت نکالنے کی وجہ سے نہیں ہوتیں۔ دراصل یہ کیفیت ذہنی دباؤ، بے چینی یا دیگر وجوہات کے باعث پیدا ہو سکتی ہے۔
ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد دانت نکلواتے ہیں اور اس کا ان کی آنکھوں کی بینائی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ اگر دانت نکلوانے اور آنکھوں کی بینائی کے درمیان واقعی کوئی تعلق ہوتا تو دندان سازی اور طب کے ماہرین اسے کب کا تسلیم کر چکے ہوتے اور اس پر تحقیق بھی ہو چکی ہوتی۔
ڈینٹسٹ سندیپ نے اس حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ دانت نکلوانے سے آنکھوں کی روشنی کو نقصان پہنچنے کا تصور محض ایک غلط فہمی ہے۔ دراصل آنکھوں اور دانتوں کے درمیان کسی قسم کا براہِ راست تعلق نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر نے وضاحت کی کہ دانتوں اور آنکھوں کے اعصاب کے راستے بالکل الگ ہوتے ہیں، اس لیے دانت نکلوانے سے بینائی کو نقصان پہنچنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بعض اوقات خاص طور پر عقل داڑھ نکلوانے کے بعد چہرے پر سوجن یا انفیکشن پھیل سکتا ہے، جس کے باعث آنکھوں کے اردگرد بھاری پن یا سوجن محسوس ہو سکتی ہے۔ یہ دراصل جسم کا قدرتی شفا یابی کا عمل ہوتا ہے جو دانتوں کے درد کو کم کرنے کے لیے ہوتا ہے۔
لہٰذا دانت نکلوانے سے سوجن تو ہو سکتی ہے، لیکن اس کا آنکھوں کی بینائی پر کسی بھی طرح کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دانتوں کے کسی بھی مسئلے کو نظر انداز کرنا مزید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہے۔
















