ڈاکٹر وردہ کیس: شمریز نے گڑھا کھودنے کا کہا، قتل کے بعد ملزم عادل کا اقبال جرم

عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا
شائع 26 دسمبر 2025 07:59pm

ایبٹ آباد میں قتل کی جانے والی ڈاکٹر وردہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ملزم عادل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 164 کا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اقبال جرم کرلیا، ملزم نے بتایا کہ جس دن ڈاکٹر وردہ کا قتل کیا گیا اسی دن ملزم شمریز نے گڑھا کھودنے کا کہا، میں نے فیصل نامی شخص کے ساتھ مل کر گڑھا کھودا اور لاش کو دبا دیا۔

ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ اغوا اور قتل کیس میں گرفتار ملزم عادل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق جعمے کو ڈاکٹر وردہ اغوا و قتل کیس میں گرفتار ملزم عادل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا۔

ملزم عادل کا جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دفعہ 164 کے تحت بیان بھی ریکارڈ کیا گیا، جس میں ملزم نے ڈاکٹر وردہ کے اغوا اور قتل کا اعتراف جرم کرلیا۔

ملزم کے بیان کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی شازمان کالونی میں واقع ایک گھر میں کی گئی۔ ملزم نے بیان دیا کہ جس دن ڈاکٹر وردہ کو قتل کیا گیا، اسی روز ملزم شمریز نے گڑھا کھودنے کا کہا۔

ملزم عادل کے مطابق اس نے فیصل نامی شخص کے ساتھ مل کر گڑھا کھودا اور بعد ازاں لاش کو دفن کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عادل کی نشان دہی پر ڈاکٹر وردہ کا موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹ سائز تصاویر برآمد کرلی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر وردہ کیس میں اب تک 5 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جب کہ ایک ملزم شمریز پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال ایبٹ آباد میں تعینات ڈاکٹر وردہ مشتاق کو اپنی ہی دوست نے پلاننگ کرکے گزشتہ ہفتے اغوا کے بعد قتل کرادیا تھا، جس کے بعد خیبرپختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر وردہ قتل کیس کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملزم شمریز کا ٹھنڈیانی روڈ میرا رحمت خان کنڈا کے مقام پر پولیس سے مقابلہ ہوا، شمریز اپنے 2 ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، واقعے کا مرکزی ملزم شمریز روپوش تھا۔

ہارون رشید نے بتایا تھا کہ پولیس ڈاکٹر وردہ کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی تھی، مرکزی ملزم شمریز کو موبائل ڈیٹا سے ٹریس کیا گیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم کے دونوں ساتھی فرار ہوگئے، ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

Abbottabad

Murder

Dr. Warda Murder

Abbottabad Doctor Case

Dr Warda Murder Case

Dr. Warda