مودی حکومت کی انتہاپسندی، اسکولوں میں کرسمس کی چھٹی ختم کر دی

اسکولوں کو سابق وزیراعطم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ منانے کی ہدایات
شائع 25 دسمبر 2025 09:37am

بی جے پی کی اُترپردیش حکومت کا مسیحی برادری کے خلاف ایک اور  اقدام سامنے آگیا، حکومت نے اسکولوں میں کرسمس کی چھٹی منسوخ کردی۔

مودی حکومت نے  اسکولوں کو کرسمس کی جگہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کی تقریبات منعقد کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک کے مختلف حصوں میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے خلاف واقعات اور ہراسانی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔


اُتر پردیش کی ریاستی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ 25 دسمبر کو سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں کرسمس کی چھٹی نہیں ہوگی، جبکہ اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کے حوالے سے تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد لازمی کیا جائے۔

اس فیصلے کے بعد بحث چھڑ گئی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب سوشل میڈیا پر کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے خلاف تشدد اور ہراسانی کی متعدد ویڈیوز گردش کر رہی ہیں اور مختلف ریاستوں میں عبادت گاہوں اور تقریبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

بھارتی کانگریس کی ترجمان سوپریا شرینات نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں مذہبی اقلیتیں خود کو عدم تحفظ کا شکار محسوس کر رہی ہیں اور اس صورتحال پر عالمی برادری کی نظر ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے اور اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے احترام کو یقینی بنایا جائے، تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔

india

Uttar Pradesh

Schools

ends Christmas vacation