قائداعظم کا149واں یومِ پیدائش: مزار قائد پر پروقار تقریبات، بابائے قوم کو خراج عقیدت

قائد کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
شائع 25 دسمبر 2025 08:33am

بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں نظم و ضبط اور وقار نمایاں رہا جبکہ بابائے قوم کی جدوجہد اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قائِ اعظم کے یومِ پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور بڑی تعداد میں افراد دن بھر مزار قائد پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کریں گے۔

شہریوں کی بڑی تعداد علی الصبح سے ہی مزار پر پہنچنا شروع ہو گئی تاکہ وہ قائداعظم کے افکار اور جدوجہد کو یاد کر سکیں جن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ قومی تشخص اور آزاد وطن ملا۔

تقریبات کے دوران مسلح افواج کی قیادت کی جانب سے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یومِ قائد پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں قائداعظم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے اور یہی اقدار پاکستان کے قومی سفر کا مرکز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد کے اصول آج بھی ملک کی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی اعتماد کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کے سنہری اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم نہ صرف ایک درخشاں قومی مستقبل کی ضمانت ہیں بلکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لیے بھی واضح رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو درپیش چیلنجز کا حل قائد کے افکار پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔

قائد کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، جدوجہد اور قومی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے، اور اس عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو ان کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال ریاست بنایا جائے گا۔

Quaid e Azam

Muhammad Ali Jinnah

Quaid e Azam Birthday