پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس: سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

سیاسی کمیٹی کی تشکیلِ نو پر سینیٹرز کی تنقید، بانی سے ملاقات کے لیے عدلیہ سے رجوع کا فیصلہ
شائع 24 دسمبر 2025 03:05pm

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ سینیٹرز نے سیاسی کمیٹی کی تشکیل نو پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سینیٹر علی ظفر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر عون عباس بپی، ذیشان خانزادہ، فیصل جاوید، فلک ناز اور فوزیہ ارشد سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نامزد اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی ریفرنس فائل کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی تشکیل نو پر سینیٹرز نے تنقید کی اور عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ ارکان کا مؤقف تھا کہ نئی سیاسی کمیٹی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز شامل نہیں کیے گئے اور صرف کورڈینیٹرز کو جگہ دی گئی ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی پر مشاورت کی گئی۔

pti

reference

disqualification

Saifullah Abro

pti parliamentary committee