گراؤنڈ فلور گھروں میں دیمک زیادہ لگنے کی وجوہات اور حل
گراؤنڈ فلور پر واقع مکانات میں دیمک کا مسئلہ ایک عام مگر سنجیدہ پریشانی بن چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ زمین، نمی اور لکڑی کا آپس میں قریب ہونا ہے، جو دیمک کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔
زیادہ تر نقصان دہ دیمک زمین کے اندر کالونیاں بناتی ہے۔ یہ کیڑے مٹی میں رہ کر نمی حاصل کرتے ہیں، کیونکہ کھلی ہوا میں مٹی جلد خشک ہو جاتی ہے۔ چونکہ گراؤنڈ فلور کے گھر براہِ راست زمین کے اوپر یا قریب بنے ہوتے ہیں، اس لیے دیمک کو لکڑی، پلستر، فرنیچر اور الماریوں تک پہنچنے کا آسان راستہ مل جاتا ہے۔
دیمک کنکریٹ کو نہیں کھاتی، مگر بنیادوں میں موجود باریک دراڑیں، پائپ لائن کے راستے اور کمزور سیلنگ اس کے داخلے کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔
نمی دیمک کی بقا کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ دیمک مرطوب ماحول میں زیادہ پھلتی پھولتی ہے۔ دیمک زندہ رہنے کے لیے نمی پر انحصار کرتی ہے اور اکثر پانی جمع ہونے والی جگہوں یا پلمبنگ لیکس کے ذریعے گھروں میں داخل ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر مسئلے کی جڑ کو ختم نہ کیا جائے تو یہ بار بار پیدا ہوتا رہتا ہے۔

اگر لکڑی کے دروازے، بیمز، فرش یا فرنیچر براہ راست نم مٹی کے ساتھ لگے ہوں تو دیمک کو عمارت میں داخل ہونے کے لیے کسی سرنگ کی بھی ضرورت نہیں رہتی۔ یہ صورتحال زیادہ تر پرانے یا ناقص دیکھ بھال والے گھروں میں پائی جاتی ہے۔
یوں مٹی، نمی اور لکڑی کا ملاپ دیمک کے لیے مثالی ماحول پیدا کر دیتا ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان گراؤنڈ فلور کے ڈھانچوں کو ہوتا ہے.
دیمک سے مستقل نجات کے 3 مؤثر طریقے
تعمیر سے پہلے اینٹی ٹرمائٹ ٹریٹمنٹ
ماہرین کے مطابق سب سے مؤثر حل یہ ہے کہ گھر کی تعمیر سے پہلے مٹی میں خاص کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے اور مخصوص اینٹی ٹرمائٹ کیمیکل ڈالا جائے۔ یہ عمل ماہر تکنیکی افراد کے ذریعے بنیاد ڈالنے سے پہلے کیا جاتا ہے۔
اس طریقے سے زمین میں ایک مسلسل کیمیائی حفاظتی دیوار بن جاتی ہے جسے دیمک عبور نہیں کر سکتی۔ دنیا کے کئی ممالک میں یہ طریقہ تعمیراتی قوانین کا لازمی حصہ ہے۔
فزیکل بیریئر سسٹم اور مضبوط بنیاد
اگر گھر پہلے سے تعمیر شدہ ہو اور اینٹی ٹرمائٹ ٹریٹمنٹ نہ کی گئی ہو تو فزیکل رکاوٹیں لگانا مفید ثابت ہوتا ہے، جیسے:
بنیاد کے گرد خصوصی میمبرین اور سیلنٹ۔
مٹی اور لکڑی کے درمیان اسٹین لیس اسٹیل جالی۔
لکڑی کے حصوں کو زمین سے کم از کم 6 انچ اونچا رکھنا۔
یہ طریقے بغیر کیمیکل کے کام کرتے ہیں اور درست تنصیب کے بعد کئی دہائیوں تک تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔

نمی پر قابو پانا
چونکہ دیمک نمی میں زندہ رہتی ہے، اس لیے:
پانی کی نکاسی بہتر بنائیں، تاکہ پانی بنیاد سے دور رہے۔
پلمبنگ لیکس، خراب نالیاں اور گٹر فوراً درست کریں۔
لکڑی کو زمین سے براہِ راست نہ لگنے دیں یا ٹریٹڈ لکڑی استعمال کریں۔
گھر کے نیچے اور اردگرد مناسب لینڈ اسکیپنگ کریں تاکہ نمی کم ہو۔
دیمک ہمیشہ سے گراؤنڈ فلور گھروں کے لیے ایک بڑا خطرہ رہی ہے کیونکہ یہ زیرِ زمین رہتی ہے اور نم ماحول پسند کرتی ہے۔ تاہم، اگر پیشگی اینٹی ٹرمائٹ ٹریٹمنٹ، مضبوط فزیکل رکاوٹیں اور مؤثر نمی کنٹرول اپنایا جائے تو دیمک کے حملے کو روکا جا سکتا ہے اور عمارت کو طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ وقت پر احتیاط نہ کی جائے تو دیمک نہ صرف فرنیچر بلکہ پورے ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔















