افغان کرکٹر راشد خان کی بُلٹ پروف گاڑی کا سن کر پیٹرسن حیران
دنیا بھر میں اپنی شاندار باؤلنگ سے پہچانے جانے والے افغان کرکٹر راشد خان نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بہترین بیٹسمین کیون پیٹرسن کے ساتھ ایک دلچسپ انٹرویو میں اپنے ملک میں سیکیورٹی کے انتہائی اقدامات کا انکشاف کیا کہ وہ افغانستان میں اپنی حفاظت کے لیے بُلٹ پروف گاڑی استعمال کرتے ہیں۔ کیون پیٹرسن کے لیے یہ بات حیران کن تھی، مگر رشید خان کا انداز بتا رہا تھا کہ وہ اس حقیقت کو قبول کر چکے ہیں۔
راشد خان کے مطابق یہ اقدام کسی لگژری طرزِ زندگی کی وجہ سے نہیں بلکہ محض جان کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان جیسے ملک میں وہ کابل کی سڑکوں پر عام شہری کی طرح آزادانہ طور پر چل پھر نہیں سکتے۔
بین الاقوامی کرکٹ میں بے پناہ کامیابی اور مقبولیت کی وجہ سے راشد خان افغانستان کے سب سے نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں، جس کے باعث ان کی سیکیورٹی خدشات بھی عام شہریوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس کے باوجود راشد خان نے واضح کیا کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ہر سطح پر افغانستان کا نام روشن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کومیدان سے باہراکثرایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کا اندازہ شائقین کو کم ہی ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رشید خان ان حالات کو شکایت کے طور پر بیان نہیں کرتے، بلکہ اسے اپنے ملک کی زمینی حقیقت سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک حفاظتی اقدامات کسی آسائش کا نام نہیں بلکہ بقا کی ضرورت ہیں۔ اس کے باوجود وہ افغانستان کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ہر میدان میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پُرعزم دکھائی دیتے ہیں۔
















