برطانیہ: انسانی اسمگلنگ کے الزام میں بھارتی شہری گرفتار
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے انسانی اسمگلنگ میں سہولت کاری کے الزام میں 29 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ گرفتاری این سی اے اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران برمنگھم کے اندرون علاقے ہینڈز ورتھ میں عمل میں آئی، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لیا۔
برطانوی حکام کے مطابق ملزم کو غیر قانونی امیگریشن میں سہولت فراہم کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ تاحال حراست میں ہے۔
این سی اے اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے تفتیشی افسران ملزم سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں تاکہ اس مبینہ سرگرمیوں کی مکمل نوعیت کو سمجھا جا سکے۔
چھاپے کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے متعدد الیکٹرانک آلات بھی تحویل میں لیے ہیں، جنہیں فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان آلات کے معائنے سے ممکنہ طور پر اس نیٹ ورک اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں مزید شواہد حاصل ہو سکتے ہیں۔
برطانوی حکام کے مطابق شبہ ہے کہ ملزم ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے منسلک ہے جو غیر قانونی طور پر افراد کو برطانیہ منتقل کرنے میں ملوث ہے۔ تاہم، تفتیش مکمل ہونے تک ملزم کے خلاف الزامات کی حتمی نوعیت اور دائرہ کار کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے نیٹ ورکس کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے جو لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔













