چاغی میں آئل ٹینکر اور گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم، 10 افراد جاں بحق

جاں بحق افراد غیر قانونی طور پر پاکستان کے راستے ایران جانا چاہتے تھے، پولیس ذرائع
شائع 21 دسمبر 2025 10:10pm

بلوچستان کے ضلع چاغی میں تیل بردار آئل ٹینکر اور مسافر بردار گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ تحصیل نوکنڈی کے قریب ریکوڈک سائٹ روڈ پر پیش آیا، جہاں پی ایس او کے آئل ٹینکر اور گاڑی آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت 10 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت خدائے نظر کے نام سے ہوئی ہے، جو تفتان کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے بارے میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق افغانستان سے ہو سکتا ہے، جو غیر قانونی طور پر پاکستان کے راستے ایران جانا چاہتے تھے۔

حادثے کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نوکنڈی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جب کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بلوچستان

traffic accident

Road Accident

Chagai