خاتون نے ایک ہی دن دو سابق شوہروں کو قتل کردیا
امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک خاتون نے اپنے دو سابق شوہروں کو ایک ہی دن دو مختلف واقعات میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش دونوں قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔
پولیس کے مطابق 48 سالہ ملزمہ سوسن ایولون نے پہلے ٹمپا کے علاقے میں دن دہاڑے اپنے ایک سابق شوہر کو گولیاں مار کر قتل کیا۔
اس واردات کے بعد ملزمہ نے پچاس میل سے زائد کا فاصلہ طے کیا اور مانٹی کاؤنٹی پہنچی، جہاں اس نے اپنے دوسرے سابق شوہر کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں وارداتیں ممکنہ طور پر بچوں کی کفالت اور تحویل سے متعلق تنازعات کا نتیجہ تھیں۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات علیحدہ علیحدہ مقامات پر پیش آئے، تاہم ملزمہ ہی دونوں قتل میں ملوث پائی گئی۔
پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔













