’دھرندھر 2‘ میں راکیش بیدی کا روپ مزید خطرناک، ’مزہ دوبالا ہونے والا ہے‘
مشہور بھارتی اداکار راکیش بیدی، جو زیادہ تر کامیڈی کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، اب ’دھُرندھر‘ میں ایک مختلف اور مشکل کردار میں نظر آئے ہیں۔
جاسوسی اور سیاست پر مبنی بھارتی فلم ’دھرندھر‘ باکس آفس پر زبردست کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ فلم میں پا کستانی سیاست دان جمیل جمالی کا کردار ادا کرنے والے اداکار راکیش بیدی نے اپنے کردار کے بارے میں کچھ اہم باتیں شیئر کی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار نےانکشاف کیا کہ ’دھُرندھر2‘ میں ان کا کردار پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہوتا جائے گا۔
راکیش بیدی نے اپنی کامیڈین شبیہہ سے ہٹ کر’دھرندھر‘ میں ایک چالباز اورسازشی سیاست دان کا روپ اپنایا ہے۔
انہوں نے کہا، ’ فلم کے ہدایت کارآدیتیہ دھر نے مجھے جمیل جمالی کا کردار دیا، جو پہلے سے زیادہ گہرا اور پیچیدہ ہے۔ اس کردار میں جمیل بظاہرسیدھا نظر آتا ہے، مگر وہ حقیقت میں بہت چالاک اور چالباز ہے، اس سیکوئل میں جمیل اور بھی خراب ہو جائے گا، اور یہ میرے لیے ایک نیا چیلنج ہے۔’

انہوں نے کہا، ’یہ پہلا موقع ہے جب کسی نے مجھ سے کچھ مختلف کرانے کی کوشش کی۔ آدیتیہ نے مجھے پچھلے سال جمیل کا کردار آفر کیا تھا ۔ وہ جانتے تھے کہ میں نے 50 سال اسٹیج پر کام کیا ہے اور زندگی کے مختلف رنگ دیکھے ہیں۔‘
بیدی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ اس طرح کے کرداروں کی تلاش میں تھے، اور ’دھُرندھر‘ نے انہیں وہ موقع فراہم کیا جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ’سیکوئل میں جمیل اور بھی بدتر ہو جائے گا اور اس نے مجھے 100 فیصد نیا کچھ کرنے کا موقع دیا ہے۔ میں تو بس بہت خوش ہوں۔‘
’دھُرندھر 2‘ 26 مارچ 2026 کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم کی کہانی میں جمیل جمالی ایک سیاست دان کے طور پر مختلف لوگوں کے خلاف سازشیں کرتا ہے۔
بیدی کا کہنا ہے کہ، ”جمیل کو رحمان ڈکیت اور دوسرے طاقت ور سیاست دانوں کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، لیکن وہ اب تک کامیاب رہا ہے۔ جمیل نے حمزہ کو اہم عہدے پر پہنچایا ہے، مگر اب جمیل کو لگتا ہے کہ حمزہ اپنے انداز میں چل رہا ہے، تو وہ شاید حمزہ کو قابو کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس سے زیادہ میں نہیں بتا سکتا۔“
’دھرندھر‘ کی شوٹنگ کے دوران، راکیش بیدی کو رنویرسنگھ، اکشے کھنہ اور سارہ ارجن کے ساتھ کام کرنے کا بھی موقع ملا اور اس تجربے کے بارے میں بیدی نے کہا کہ، ’یہ ایک بہت اچھا اور خوشگوار رہا۔ میں نے پہلے کبھی رنویر سے ملاقات نہیں کی تھی، مگر انہوں نے میری فلمیں اور شو دیکھے تھے اور وہ میرے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش تھے اور ہمیشہ بہت احترام اور محبت سے پیش آتے تھے۔‘
فلم میں رنویر سنگھ، آر مادھون، سنجے دت، ارجن رامپال اور سارہ ارجن بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم صرف دو ہفتوں میں دنیا بھر میں 700 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔
















