مالک کا گھریلو ملازمہ پر تشدد، سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا

بفرزون میں انسانیت سوز واقعہ، تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم فرار
شائع 19 دسمبر 2025 10:30am

کراچی کے علاقے بفرزون میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آ گیا، جہاں مالک نے مبینہ طور پر خاتون کو سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزم فرار ہو گیا، جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ 12 دسمبر کو پیش آیا۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نعمان نے گھریلو ملازمہ کو زدوکوب کرنے کے بعد سیڑھیوں سے نیچے دھکیل دیا، جس کے نتیجے میں خاتون کو شدید چوٹیں آئیں۔

واقعے کے دوران گھر میں موجود خاتون خانہ نے ملازمہ کو بچانے کی کوشش بھی کی، تاہم ملزم کے تشدد کو نہ روک سکی۔ تشدد کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد واقعے نے عوامی توجہ حاصل کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ملزم نعمان موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کی مدعیت میں گبول تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں تشدد اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق واقعے سے ایک روز قبل متاثرہ ملازمہ کی ملزم کی اہلیہ سے معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد یہ تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ویڈیو شواہد کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، جب کہ وہ انصاف کی منتظر ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Torture

Karachi Traffic Police

worker