بھارتی فاسٹ بولر بمراہ نے مداح کا موبائل فون چھین لیا، ویڈیو وائرل
بھارتی کرکٹ ٹیم کے تیز ترین بولر جسپریت بمراہ ان دنوں دنیا کےخطرناک بولروں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں، جن کے مداح نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ لیکن ایک مداح کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ ایک مداح کا موبائل چھینتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور اس پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو اُس وقت کی ہے جب بمراہ ایئرپورٹ پر چیک ان کے لیے انتظار کر رہے تھے اور ایک مداح ان کے ساتھ سیلفی ویڈیو بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ویڈیو میں بمراہ مداح کو خبردار کرتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ اگر فون گرا تو وہ ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ بمراہ نے مداح کو کہا، ”آپ کا فون گر جائے گا، پھر مجھے مت کہنا“۔ تاہم، مداح نے ’کوئی بات نہیں ہے سر‘ کہتے ہوئے ویڈیو بنانا جاری رکھی ، جس پر بمراہ نے غصے میں آ کر مداح کا موبائل چھین لیا اور ویڈیو بھی بند ہوگئی۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، سوشل میڈیا پر صارفین نے بمراہ کے رویے پر تنقید کی۔ بہت سے صارفین نے کہا کہ ”کرکٹرز اور سلیبریٹیز کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے، حالانکہ ان کا رویہ بالکل غلط ہے۔“
ایک صارف نے تو بمراہ کے رویے کو ”متکبرانہ“ قرار دیا، جب کہ ایک اور نے کہا کہ ”چند کرکٹرز اس شہرت کے مستحق نہیں ہیں جو انہیں مل گئی ہے۔“
اس ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک اور صارف نے کہا، ”لوگ سمجھتے کیوں نہیں کہ کرکٹرز اور سلیبریٹیز خدا نہیں ہیں، انہیں زیادہ اہمیت دینا بند کرنی چاہیے۔“
جسپریت بمراہ اس وقت بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کا حصہ ہیں۔ بمراہ نے پہلے دو میچوں میں شرکت کی تھی لیکن تیسرے میچ میں وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر غیر حاضر تھے۔ چوتھے میچ کے لیے بمراہ کو دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن اس میچ کو دھند کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
بھارت کو 3 میچوں کی سیریز میں کھیلے گئے دو میچوں میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
















