پاک بحریہ کی جدید ہتھیاورں سے لیس آبدوز ’غازی‘ چین میں لانچ

پاک بحریہ میں ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت اہم سنگِ میل ہے، آئی ایس پی آر
شائع 17 دسمبر 2025 07:31pm

پاک بحریہ کی ہنگور کلاس آبدوز ’غازی‘ کو چین کے شہر ووہان میں باقاعدہ طور پر لانچ کر دیا گیا۔ آبدوز کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اور اہم دفاعی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’غازی‘ کو چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر کامیابی سے لانچ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آبدوز کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاک بحریہ نے ایک اور اہم دفاعی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں چین میں زیرِ تعمیر چاروں ہنگور کلاس آبدوزیں اب سخت سمندری آزمائشوں (سی ٹرائلز) کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور جلد پاکستان کے حوالے کیے جانے کے آخری مراحل میں ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور چین کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جا رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی، جو طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن، بحری دفاع، اور امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

آبدوز کی لانچنگ کی تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط ہوتے دفاعی اور تزویراتی تعاون کا واضح مظہر ہے۔

Pakistan Navy

ISPR

Pak Navy

pak china relation

Inter Services Public Relations (ISPR)

HANGOR Class submarine

submarine Ghazi