سائنس دانوں نے انسانی شخصیت کی نئی قسم ’اوٹرو ورٹس‘ متعارف کرادی

فریڈا کاہلو، فرانز کافکا، البرٹ آئن اسٹائن اور ورجینیا وولف بھی اوٹرو وَرٹ شخصیت کے حامل تھے
اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2025 07:45pm

سائنسدانوں نے انسانی شخصیت کی تین اقسام انٹرو وَرٹس، ایکسٹرو وَرٹس اور ایمبی وَرٹس کے بعد اب ایک نئی قسم متعارف کرا دی ہے، جسے ’اوٹرو وَرٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

معروف امریکی ماہرِ نفسیات اور مصنف ڈاکٹر رامی کامینسکی نے یہ نئی اصطلاح پہلی بار اپنی 2025 میں شائع ہونے والی کتاب ’دی گفٹ آف ناٹ بیلونگنگ‘** میں متعارف کرائی۔

انہوں نے اس تصور کو مزید عام کرنے کے لیے 2023 میں ایک ادارے کی بنیاد بھی رکھی، جہاں اس شخصیت کے حامل افراد کے لیے آن لائن ٹیسٹ اور دیگر وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق اوٹرو ورٹ ایسے افراد ہوتے ہیں جو کسی بھی بڑے سماجی گروپ سے جڑنا پسند نہیں کرتے۔ وہ اجتماعات میں شریک تو ہوتے ہیں لیکن چند مخصوص افراد سے ہی تعلق قائم کرتے ہیں۔

یہ شخصیت انٹرو ورٹ یا ایکسٹرو ورٹ سے مختلف ہے۔ کیونکہ وہ نہ تو ایکسٹرو ورٹس کی طرح اجتماعیت پسند اور ہر کسی سے گھل مل جانا پسند کرتے ہیں اور نہ ہی انٹرو ورٹس کی طرح مکمل تنہائی اختیار کرتے ہیں۔


ایمبی ورٹس کے مقابلے میں اوٹرو ورٹس کبھی بھی مکمل طور پر کسی بھی موڈ میں آرام دہ محسوس نہیں کرتے۔ وہ سماجی رسم و رواج پر سوال اٹھاتے ہیں اور اپنے تخلیقی کام میں اکثریت کی توقعات کے خلاف سوچ رکھتے ہیں، مگر دوسروں کے جذبات کا خیال بھی رکھتے ہیں۔

اس نئی شخصیت کے حامل افراد اجنبیوں سے تعلقات قائم کرنے کے بجائے مختصر حلقہ احباب میں خوش رہتے ہیں اور تخلیقی سوچ اور منفرد انداز کے لیے جانے جاتے ہیں۔ یہ افراد سماجی روایات اور رسمی تقریبات سے خود کو الگ رکھتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں مشاہدے، فکر کی آزادی اور اپنے معاملات میں خودمختار رہنا شامل ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت سے افراد کے بارے میں یہ راز ان کی زندگی کے بعد کھلتا ہے کہ وہ اوٹرو ورٹس شخصیت کے مالک تھے۔ بعض افراد کو یہ تب پتہ چلتا ہے جب ان کی شریکِ حیات، دوست یا کوئی اور انہیں اوٹرو ورٹ کا خطاب دیتا ہے۔

ڈاکٹر کامینسکی کے مطابق تاریخی شخصیات جیسے میکسیکو کی مشہور مصورہ فریڈا کاہلو، شہرہ آفاق ادیب فرانز کافکا، عظیم ترین سائنس دان البرٹ آئن اسٹائن اور انگریزی کی معروف مصنفہ ورجینیا وولف کی شخصیات میں بھی اوٹرو ورٹ رجحانات پائے جاتے تھے۔


ان کے مطابق اوٹرو ورٹس محبت سے سرشار، مہربان، دلچسپ اور بہترین گفتگو کرنے والے ہوتے ہیں لیکن وہ ہر کسی کو اپنے قریب نہیں کرتے ہیں۔ وہ اس بات میں دلچسپی نہیں رکھتے کہ لوگ کیا کر رہے ہیں، انہیں زیادہ تعریف بھی پسند نہیں ہوتی اور وہ معنی خیز گفتگو کو ترجیح دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر آپ کبھی یہ سوچیں کہ آپ سماجی میل جول سے لطف اندوز تو ہوتے ہیں لیکن اس میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ ڈھیروں اجنبی کے بجائے چند منتخب افراد کے ساتھ بامعنی تعلق قائم رکھتے ہیں۔ معاشرے کی توقعات سے ہٹ کر سوچتے ہیں تو ہو سکتا ہے آپ بھی ایک اوٹرو ورٹ ہوں اور یہ آپ کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔

کیونکہ یہ شخصیت اینٹی سوشل نہیں بلکہ یہ ظاہر کرتی ہے کہ آپ روایتی سماجی گروہ بندی کے بجائے محدود اور بامعنی تعلقات کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنی تخلیقی صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

mental health.

Unique Personality

The Gift Of Not Belonging

Dr Rami Kaminski

Extrovert

Introvert

New Personality Type

Otrovert