فیصلہ ہوگیا کہ این ایف سی فارمولے میں تبدیلی ہوگی: رانا ثنا اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ این ایف سی فارمولے میں تبدیلی ہوگی، تقسیم کے طریقہ کار کو سب کو اعتماد میں لے کر بدلا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ این ایف سی فارمولے میں تبدیلی کا فیصلہ ہو گیا ہے، اس معاملے پر تمام اتحادیوں کو منایا جائےگا، جو بھی ہوگا سب کو اعتماد میں لے کر ہوگا، پیپلز پارٹی سمیت اتحادی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں گی اور وسائل کی تقسیم کا معاملہ از سر نو دیکھا جائےگا۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ عمران خان ملک میں مسلح جدوجہد کرنے پر بضد ہیں، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ جمہوری طریقے سے آگے بڑھے، جس سے معاملہ سلجھ بھی سکتا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہاکہ عمران خان نے ماضی میں بھی مسلح جدوجہد کرکے دیکھ لیا، اب اگر ایک بار پھر ان کی پارٹی ایسا کرےگی تو قانون کے مطابق نمٹا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ مسلح جدوجہد مسئلے کا حل نہیں لیکن عمران خان ہر فیصلہ خود کرتے ہیں، محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے ہاتھ میں کچھ نہیں، اگر فیصلے انہوں نے کرنے تھے تو عظمیٰ خان کے ذریعے جیل سے پیغام کیوں بھیجا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ ملک میں کوئی سیاسی الائنس نہیں بن سکتا، کیوں کہ کوئی سیاسی جماعت عمران خان کی مسلح جدوجہد کی حمایت نہیں کرےگی۔















