ٹرمپ کا گھر میں قتل ہوئے ہالی ووڈ ڈائریکٹر پر طنز

ڈائریکٹر اتوار کو اہلیہ سمیت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔
شائع 16 دسمبر 2025 10:39am

ہالی وڈ کی مشہور شخصیت، ہدایت کار اور اداکار رابرٹ روب رائنرکی موت پر جہاں پورا ہالی وڈ سوگوار تھا، وہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازعہ اور ناپسندیدہ بیان دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

78 سالہ رائنر اور ان کی اہلیہ 68 سالہ مشل سینگر رائنر اتوار کو اپنے لاس اینجلس کے گھر میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس کا خیال ہے کہ دونوں کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ ابتدا میں اسے چوری کی واردات ظاہر کیا جارہا تھا۔ تاہم اب پولیس نے جوڑے کے 32 سالہ بیٹے نِک رائنر کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔

معروف ہالی ووڈ ڈائریکٹر اور اہلیہ کی گھر سے لاشیں برآمد

اس واقعہ کےایک دن بعد، ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ رائنر کی موت کا سبب ”ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم“ تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ رائنر کی موت ”پراگندہ ذہنیت“ کا نتیجہ تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے دوسروں کو جنونی بنا دیا تھا۔

ٹرمپ نے رائنر کو ”پاگل“ اور ”پریشانی کا شکار“ قرار دیا اور اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ”ٹرمپ انتظامیہ نے جو کامیابیاں حاصل کیں، ان کے ساتھ امریکہ کا سنہری دور شروع ہوا، اور پہلے شاید ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔“

یہ بیان خاص طور پر حیران کن تھا کیونکہ عام طور پر صدور اس طرح کی ٹریجڈی پر تعزیت یا خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، مگر ٹرمپ نے اس موقع پر سیاست کو مزید بڑھا دیا۔ اس بیان پر نہ صرف ٹرمپ کے حامیوں بلکہ ری پبلکن پارٹی کے بعض رہنماؤں نے بھی تنقید کی۔

امریکی براؤن یونیورسٹی فائرنگ کیس: حراست میں لیے گئے شخص کو رہا کیے جانے کا امکان

رائنر ہالی وڈ میں ایک مشہور ڈیموکریٹ تھے اور ٹرمپ کے سخت ناقد تھے، ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ”ذہنی طور پر نااہل“ ہیں اور امریکہ کے صدر بننے کے لیے سب سے غیر مناسب شخص ہیں۔

رائنر نے مسلسل ٹرمپ کی ذہنی صحت پر سوالات اٹھائے اور انہیں ایک آمرانہ شخصیت کے طور پر بیان کیا۔ 2024 میں، انہوں نے جو بائیڈن کی عمر کو لے کر ہونے والی تشویشوں کا دفاع کیا تھا، اور کہا تھا، ”دیکھو، وہ بوڑھے ہیں!“

رائنر کی موت پر دنیا بھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے، اور ہالی وڈ کے ستاروں نے ان کے کام اور شخصیت کو سراہا ہے۔ روب رائنر 1970 کی دہائی کے مقبول سی بی ایس ٹیلی وژن کامیڈی شو ”آل اِن دی فیملی“ میں شریک اداکار کے طور پر شہرت حاصل کر چکے تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے فلمی دنیا میں بطور ہدایتکار بھی نمایاں مقام حاصل کیا اور کئی یادگار فلمیں بنائیں، جن میں دی پرنسس برائیڈ، دس اِز اسپائنل ٹیپ، وین ہیری میٹ سیلی، اسٹینڈ بائی می اور دی امریکن پریزیڈنٹ شامل ہیں۔

Dead

Los Angeles

us president donald trump

director and actor Rob Reiner