میسی کا دورۂ دہلی: ایک مصافحے کا ایک کروڑ
ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کا بھارت کا دورہ محض ایک یا دو تقریبات تک محدود نہیں تھا بلکہ دہلی میں ایک خصوصی بند دروازوں کے پیچھے ہونے والی ملاقات میں شرکت بھی شامل تھی۔
اگرچہ میسی کی دہلی آمد پر عوامی دلچسپی بہت زیادہ تھی، لیکن ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات اس قدر زیادہ تھے کہ ہوٹل دی لیلا پیلس کا ماحول کسی قلعے سے کم نہیں تھا۔ شہر کی سڑکوں پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے اور ان کے ہوٹل تک پہنچنے کے راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا گیا تھا۔
اس سے پہلے کولکتہ اسٹیڈیم کی ہنگامہ آرائی کے پیشِ نظر بھی مزید سیکیورٹی اور انتظامات کئے گئے تھے تاکہ مزید کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جائے۔
میسی کی جلد روانگی پر کولکتہ اسٹیڈیم میں ہنگامہ، ایونٹ آرگنائزر گرفتار، مقدمہ درج
این ڈی ٹی وی کے مطابق، میسی کے دہلی دورے کے دوران ہوٹل میں ایک نجی ’میٹ اینڈ گریٹ‘ ایونٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں کچھ منتخب وی آئی پی اور کارپوریٹ شخصیات ہی شامل تھیں جس کا مقصد وی آئی پی شخصیات کو فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی سے ذاتی ملاقات کا موقع فراہم کرنا تھا۔ یہ ایونٹ صرف چند لوگوں تک محدود تھا جنہیں پہلے سے دعوت دی گئی تھی۔
اس ملاقات میں شرکت کے لیے ایک کروڑ روپے تک کی رقم وصول کی گئی، اس نجی تقریب میں یہ رقم ادا کرنے والے افرادکو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی میسی کے ساتھ مختصر بات چیت اور ایک مصافحہ کرنے کی اجازت تھی۔ ملاقات کا دورانیہ چند منٹوں تک محدود تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو شرکت کا موقع دیا جا سکے۔
میسی کی کولکتہ اسٹیڈیم آمد پر ہنگامہ
ایونٹ میں شریک افراد کی تعداد محدود تھی تاکہ میسی کی پرائیویسی اور سیکیورٹی برقرار رہے۔ اس موقع پر کسی بھی طرح کی فوٹوگرافی یا میڈیا کوریج کے لیے سخت پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
دہلی میں مختصر قیام کے بعد میسی شام 6:15 پر ہوٹل سے ایئر پورٹ روانہ ہوئے جہاں 8 بجے کی فلائٹ ان کی منتطر تھی۔ میسی کا یہ دورہ نہ صرف کھیلوں کی دنیا میں دلچسپی بلکہ سماجی اور کاروباری شخصیات کے لیے بھی ایک منفرد تجربہ اور مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔













