امریکی ریپر کارڈی بی کے سعودی عرب میں حجابی لُک سے مداح حیران

وہ آج ریاض میں منعقدہ ساونڈ اسٹورم فیسٹیول میں پرفارم کریں گی۔
شائع 13 دسمبر 2025 02:50pm

عالمی شہرت یافتہ ریپر اور گریمی ایوارڈ یافتہ فنکارہ کارڈی بی اس ہفتے ریاض میں ہونے والی اپنی پرفارمنس سے قبل سعودی عرب پہنچیں، جہاں وہ خوب توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ خاص طور پر ان کے حجابی لک نے مداحوں کو بےحد متاثر کیا ہے۔

کارڈی بی نے انسٹاگرام پر اپنی آمد کا اعلان کیا اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد پہلے دن کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں سے ایک میں ریسٹورنٹ میں پیش کی جانے والی وہ خاص ڈیزرٹ بھی شامل تھی جس پر“ویلکم کارڈی بی“ لکھا ہوا تھا۔

ویڈیو میں کارڈی بی سیاہ رنگ کے لمبے، باوقار لباس میں نظر آئیں، جس کے ساتھ لانگ گلوز اور ہم رنگ ہُڈ شامل تھا۔ بعد ازاں انہیں ریاض کے مشہور سولیٹیر مال میں خریداری کرتے بھی دیکھا گیا، جہاں مداحوں نے ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنائیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

جسٹن ٹروڈو کی پوسٹ کے بعد کیٹی پیری نے بھی اپنے رشتے کی تصدیق کردی

کارڈی بی نے اس دورے کا اشارہ پہلے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دیا تھا، انہوں نے لکھا تھا کہ وہ سعودی عرب میں شاپنگ کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔

جمعے کو لائیو سیشن کے دوران کارڈی بی نے سعودی عرب کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک بے حد پُرتعیش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ہوٹل کے کمرے میں ذاتی جم بھی موجود ہے تاکہ وہ اپنے آنے والے ٹور کے لیے خود کو فٹ رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے شاپنگ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے مال سے چند چیزیں خریدی ہیں۔

اسکینڈلز پر سخت سوالات، مس یونیورس کا انٹرویو سے واک آؤٹ

سعودی عوام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کارڈی بی نے وہاں کے کھانوں، لوگوں اور ثقافت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا کھانا بہت لذیذ ہے اور یہاں کے لوگ نہایت مہذب، خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں۔

کارڈی بی کے مطابق وہ سعودی ثقافت کا احترام کرتی ہیں اور انہیں یہاں کے رسم و رواج اور طرزِ زندگی کو قریب سے جاننے کا موقع ملا، جسے وہ ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ قرار دیتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچے ہوں یا بڑے، سب انہیں پہچانتے ہیں اور سب کا رویہ انتہائی دوستانہ ہے۔

واضح رہے کہ کارڈی بی آج ساونڈ اسٹورم فیسٹیول میں پرفارم کریں گی، جو 11 سے 13 دسمبر تک ریاض میں منعقد ہو رہا ہے۔

Cardi B

in Saudi Arabia

shared glimpses