یورپ میں سُپر فلو سے تباہی، اسپتال بھر گئے

کورونا کے بعد اسپتالوں پر سب سے زیادہ دباؤ اس وائرس کی وجہ سے آیا ہے، برطانوی ماہرین صحت
شائع 13 دسمبر 2025 12:55pm
تصویت بذریعہ/ رائٹرز
تصویت بذریعہ/ رائٹرز

یورپ میں سپر فلو کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے اسپتالوں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

برطانوی محکمہ صحت کے مطابق،کورونا کے بعد اسپتالوں پر اب سب سے زیادہ دباؤ ہے اور روزانہ اوسطاً دو ہزار چھ سو سے زائد مریض اسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں، جو کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ ہے۔

برطانوی وزیر صحت نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”کورونا کے بعد اسپتالوں پر سب سے زیادہ دباؤ اب فلو کی نئی قسم کی وجہ سے آیا ہے“۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ فلو کی نئی قسم کا پھیلاؤ معمول سے پہلے شروع ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

فلو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد میں بچے اور بزرگ شامل ہیں، ماہرین صحت کی جانب سے لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فلو سے متاثرہ افراد عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرتے وقت ماسک ضرور پہنیں، جبکہ بعض اسپتالوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

این ایچ ایس کی میڈیکل ڈائریکٹر، پروفیسر میگھنا پنڈت نے شہریوں کو فوری طور پر فلو ویکسین لگوانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ، ”وائرس پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور ویکسینیشن بیماری سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ، یہ ویکسین دوسروں کو بھی وائرس سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتی ہے۔

یورپ

pressure on hospitals

super flu

doctors warn