پرسن آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ کس کے نام رہا؟

اس خصوصی شمارے میں اے آئی کے معاشرتی اور صنعتی اثرات کا سالانہ جائزہ بھی لیا گیا ہے۔
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2025 10:43am

ٹائم میگزین نے اس سال مصنوعی ذہانت کے معماروں کو “پرسن آف دی ایئر” قرار دیا ہے۔ میگزین کے مطابق ان ماہرین نے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جس کی وجہ سے دنیا ’’سوچنے والی مشینوں‘‘ کے دور میں داخل ہو رہی ہے، اور یہی ان کے انتخاب کی اصل وجہ بنی۔

یہ اعزاز جن میں ایلون مسک، سیم آلٹمین، جیسن ہوانگ اور دیگر شامل ہیں جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی کو تصور سے حقیقت میں بدل کر عالمی سطح پر سماجی، معاشی اور ٹیکنالوجیکل رجحانات کو نئی سمت دی۔

ٹائم کے ایڈیٹر اِن چیف، سیم جیکبز نے اپنے پیغام میں کہا کہ پرسن آف دی ایئر کا انتخاب دنیا کی توجہ اُن لوگوں پر مرکوز کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے جو ہماری زندگیوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ ان کے مطابق، اس سال سب سے نمایاں اثر اُن شخصیات نے ڈالا ہے جنہوں نے مصنوعی ذہانت کو سوچا، اسے ڈیزائن کیا اور عملی شکل دی۔

جیکبز نے کہا کہ ان کی کاوشوں نے انسانیت کو ایک طرف حیران کر دیا ہے اور دوسری طرف تشویش میں بھی مبتلا کیا ہے۔ ان کے بقول یہ لوگ آج کی دنیا کو بدل رہے ہیں اور ایسی صلاحیت دکھا رہے ہیں جو ممکنات کی حدود سے بھی آگے جاتی ہے۔

ایلون مسک نے ایک مختصر جملہ لکھ کر سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہلچل مچادی

میگزین کے خصوصی شمارے کے دو الگ الگ کور آرٹس ہیں۔ ایک میں نمایاں طور پر وہ رہنما دکھائے گئے ہیں جنہوں نے اے آئی انقلاب کی رفتار طے کی۔

نیویڈیا کے جینسن ہوانگ، ایکس کے ایلن مسک، اینتھروپک کے ڈاریو امودی، اے ایم ڈی کی لیزا سو، میٹا کے مارک زکر برگ، گوگل ڈیپ مائنڈ کے ڈیمس ہسّابس، اسٹینفورڈ کی فئی فئی لی، اور اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین۔

سرِورق پر “اے آئی” حروف کو بلوپرنٹ کی طرح تعمیر ہوتے دکھایا گیا ہے، جبکہ یہ رہنما ایک اونچی عمارت کی بیم پر بیٹھے لیکن مصروف ذہن نظر آتے ہیں۔

یہ تصویر نہ صرف دلیرانہ اختراعات بلکہ خطرات کی نزاکت کو بھی اجاگر کرتی ہے، اور اس کے ساتھ ہی عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات اس انقلاب کی شدت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

معروف امریکن ٹیک مارکیٹ انٹیلی جنس پلیٹ فارم ‘سی بی انسائیٹس’ کے اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں اے آئی میں عالمی سرمایہ کاری 200 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

اس خصوصی شمارے میں سال بھر اے آئی کے معاشرتی اور صنعتی اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں نہ صرف حیرت انگیز پیش رفت شامل ہے بلکہ وہ پہلو بھی شامل ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کی۔

رپورٹ میں نیویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور جاپان کے معروف سرمایہ کار ماسایوشی سن کے انٹرویوز شامل ہیں، جو اے آئی ہارڈویئر اور سرمایہ کاری کی دنیا میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایلون مسک کا انٹرویو میں بیٹے کے نام سے متعلق دلچسپ انکشاف

شمارے کا ایک حصہ وہ معاملات بھی سامنے لاتا ہے جنہوں نے اے آئی کے استعمال پر سوالات کھڑے کیے، جیسے کیلیفورنیا کے 16 سالہ نوجوان کی خودکشی کا واقعہ، جس کے والدین نے اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا اور الزام لگایا کہ بیٹے کی چیٹ بوٹ سے ہونے والی گفتگو نے نقصان دہ اثرات مرتب کیے۔

ٹائم میگزین نے گزشتہ برس اوپن اے آئی کے ساتھ ایک کئی سالہ معاہدہ بھی کیا تھا جس کے تحت ادارہ اپنی نیوز آرکائیوز اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے فراہم کر رہا ہے، اور بدلے میں چیٹ جی پی ٹی صارفین کو ٹائم کی رپورٹنگ تک ریفرینس بیس رسائی فراہم کرتا ہے۔

ٹائم میگزین کے ’’پرسن آف دی ایئر‘‘ اعزاز کی تاریخ متنوع شخصیات سے بھری ہوئی ہے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ڈونلڈ ٹرمپ، ٹیلر سوئفٹ، یوکرین کے صدر وولودی میر زیلینسکی اور دیگر عالمی اثر رکھنے والی شخصیات کو دیا جا چکا ہے۔

مگر 2025 میں پہلی بار یہ اعزاز کسی ایک فرد کے بجائے اُن ذہنوں کو ملا ہے جنہوں نے ٹیکنالوجی کے مستقبل کو ازسرِنو تشکیل دیا، اور جن کا اثر آنے والے برسوں میں مزید گہرا ہو سکتا ہے۔

Artificial Intelligence

TIME MAGAZINE

PERSON OF THE YEAR

Tech industry

2025 News

Technology Leaders