فیض حمید بانی پی ٹی آئی سے متعلق بیان دیں گے: فیصل واوڈا کا دعویٰ

شدت پسند جماعتوں پر پابندیاں لگتی ہیں، پی ٹی آئی پرپابندی سے متعلق کہنا قبل از وقت ہے، عطا تارڑ اور فیصل واوڈا کی آج نیوز کے پروگرام ’رو برو‘ میں گفتگو
شائع 11 دسمبر 2025 10:41pm

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے آج نیوز کے پروگرام ’’رو برو ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فیض حمید اور 9 مئی کے واقعات سے متعلق اہم دعوےکیے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی آج نیوز کے پروگرام میں کہا کہ پی ٹی آئی شرپسندوں کی حامی ہے، عوام ان کا پاک افواج کےخلاف بیانیہ سننےکو تیار نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید بانی پی ٹی آئی سے متعلق اہم بیان دیں گے اور اب 9 مئی کے حوالے سے کوئی ابہام باقی نہیں رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق فیض حمید شواہد اور گواہیاں خود پیش کریں گے۔ فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے۔

انھوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیض حمید کو چار الزامات میں سزا ہوئی ہے اور ان کے خلاف 9 مئی کا کیس بھی جاری ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کو روکتا تھا کہ اس طرف نہ جائیں، میں نے 9 مئی جیسے واقعات سے منع کیا تھا، منع کرنے پر مجھے 9 مئی سے پہلے نکال دیاگیا، فیلڈمارشل نے اپنے ادارے سے احتساب کا عمل شروع کیا، بانی پی ٹی آئی سب کچھ کنٹرول کرناچاہتے تھے۔

فوج کے سابق لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا

فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست سے پاکستان، فوج اور شہداکانقصان ہوا، تحریک انصاف کیلئے آج ماتم کا دن ہے، کوئی پاکستان سے بڑا نہیں،کوئی کٹہرے سے باہر نہیں، ملک، فوج اور شہدا کے دشمنوں کے لیے کوئی معافی نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی شدت پسندوں اور شرپسند عناصر کی حامی رہی ہے جبکہ پارٹی کے بانی نے دہشت گردوں کو دوبارہ ملک میں جگہ دی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 2018 تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، مگر بعد کے برسوں میں حالات دوبارہ بگڑے۔ انہوں نے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک دشمنی میں آئی ایم ایف کو خط لکھ کر معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی۔

وہ کیس جو فیض حمید کے خلاف فوجی کارروائی کی وجہ بنا

وزیر اطلاعات نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو سنگین سیکیورٹی رسک تھا۔ انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کے پاک افواج کے خلاف بیانیہ سننے کو تیار نہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے اور کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے، اس لیے کسی سیاسی بیانیے کے تحت اُن کے خلاف گفتگو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے حالیہ انٹرویوز دشمن ممالک کے چینلز پر نشر ہو رہے ہیں، جس پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

انھوں نے پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی سے متعلق سوال پر کہا کہ اس پر کوئی حتمی بات کرنا قبل از وقت ہوگا، تاہم انہوں نے کہا کہ شدت پسند جماعتوں پر پابندیاں لگتی ہی ہیں ۔ خیبر پختونخوا کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے صوبے کا کباڑہ کر دیا۔

مزید گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی پاک فوج کے حق میں بیان نہیں دیتے، جب کہ پاکستان مخالف مؤقف اختیار کرنے والے بھارتی میڈیا کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنی شخصیت پرستی کے علاوہ کسی چیز کی پروا نہیں، لوگ ان کو لعن طعن کر رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے محمود خان اچکزئی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اچکزئی کبھی دہشت گردوں کی بات نہیں کرتے اور نہ ہی بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہیں۔ نہیں لگتاکوئی پارٹی ان کی بات کو سنجیدہ لےگی، اچکزئی کی بانی سےملاقات کی کوئی گنجائش نہیں۔

imran khan

faisal vawda

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Faiz Hameed Punishment

ataullah tarrar

aaj news program rubro