ٹی 20 ولڈکپ کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب، آئی سی سی پر شدید تنقید

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع، شائقین آئی سی سی کے رویے پر برہم
شائع 11 دسمبر 2025 09:32pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی ہے جب کہ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہونے پر پاکستانی شائقین نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے ٹکٹس خریدنے کے خواہشمند شائقین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ اگلے سال ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا گیا، فیز ون میں 20 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ برس فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جس میں 7 فروری سے 8 مارچ تک 8 مختلف مقامات پر میچز کھیلے جائیں گے۔

دنیا بھر کے کرکٹ شائقین آج سے آن لائن ٹکٹس خرید سکیں گے۔ ٹکٹس کی فروخت کی شروعات میں ہی پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی مانگ سب سے زیادہ دیکھنے میں آئی۔

پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 1500 سری لنکن روپے مقرر ہے۔ پاک بھارت میچ کی ٹکٹس کے لیے شائقین کو لمبے انتظار کا کہہ دیا گیا۔

ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ 15فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ بھارت میں ہونے والے میچز میں ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 100 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ سری لنکا میں ہونے والے میچز کی کم سے کم ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر ہے۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی، ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔

دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 ورلڈکپ کا ٹکٹ پوسٹر جاری کردیا گیا، پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔

آئی سی سی کے پوسٹر میں بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر شامل ہیں لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی تصویر شامل نہیں۔

آئی سی سی نے بھارتی ایما پر ایک بار پھر پاکستان کے خلاف تعصب کا مظاہرہ کیا اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستان ٹیم کے کپتان کی تصویر غائب کردی۔

پوسٹر پر پاکستانی کپتان کی تصویر نہ ہونے پر پاکستانی شائقین کرکٹ بھڑک اٹھے اور آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

t20 cricket

ICC T20 World Cup

Pakistan vs India

T20 world cup 2026

ICC Men’s T20 World Cup 2026

T20 WORLD CUP TICKET POSTER