ہائی بلڈ پریشر سے بینائی متاثر ہونے کا خطرہ
ہائی بلڈ پریشر(ہائپر ٹینشن) کو دل کی بیماریوں کا اہم سبب تو سمجھا جاتا ہے، لیکن کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ یہ آنکھوں کی صحت کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ حقیقت میں، یہ عام طور پر نظر انداز ہونے والا مسئلہ آنکھوں میں شدید مسائل پیدا کرسکتا ہے اور اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو مستقل بینائی کی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔
بلند فشارِ خون کا برا اثر آنکھ کے اندر موجود ریٹینا پر پڑتا ہے۔ یہ آنکھ کا وہ حصہ ہے جو روشنی کو جذب کرتا ہے اور دماغ تک پیغام پہنچاتا ہے۔
سونے سے پہلے کون سے غذائی سپلیمنٹس لینا خطرناک ہے؟
جب خون کا دباؤ مسلسل رہتا ہے، تو اس کا اثر ریٹینا کی خون کی نسوں پر پڑتا ہے، جس سے یہ نسیں تنگ ہو جاتی ہیں یا پھران میں پھٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس سے ایک حالت جنم لیتی ہے جسے ہائپر ٹینسیو ریٹینوپیتھی کہتے ہیں، جو ابتدائی طور پر نظر کی کسی بڑی خرابی کا سبب نہیں بنتی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بینائی پر اثر ڈال سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، یہ خون کی نالیوں میں سیال یا خون رسنے کا سبب بھی بن سکتا ہے جس سے نظر دھندلا جاتی ہے۔
ماہرین امراض چشم کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے باعث ریٹینا کی نسوں میں بلڈ کلاٹس یعنی خون کے لوتھڑے بھی بن سکتے ہیں، جس سے ریٹینا کی شریانوں میں بندش پیدا ہوتی ہے۔ اس حالت کو فوری علاج کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو یہ مستقل بینائی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
بلند فشار خون عام طور پر خاموشی سے بڑھتا ہے اور اس کی علامات واضح نہیں ہوتیں، مگر جب یہ آنکھوں کو متاثر کرتا ہے تو مریض کو دھندلی نظر یا دوگنا دکھنا، آنکھوں میں سوجن، نظر کا غائب ہونا یا آنکھوں میں خون کی نالیوں کا پھٹنا جیسی علامات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ، ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے باقاعدہ آنکھوں کا معائنہ کروانا انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر 40 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور وہ لوگ جنہیں پہلے ہی ہائپر ٹینشن کی تشخیص ہو چکی ہو۔ اس کے ذریعے ماہرین آنکھوں میں ہونے والی تبدیلیوں کو وقت سے پہلے پہچان سکتے ہیں اور اس کا علاج کرسکتے ہیں۔
کیا بچوں کو بھوک بڑھانے کی دوا دینا صحیح ہے؟
بلند فشار خون کی تشخیص اور احتیاطی تدابیر
اگر آپ کی فیملی میں ہائپر ٹینشن ہو یا آپ کو آنکھوں میں کوئی تبدیلی محسوس ہو، تو فوراً آنکھوں کا ایک مکمل معائنہ کروائیں۔ ماہرِ چشم ڈائیلیٹڈ آئی ایگزام یا اوپٹیکل کوہرنس ٹوموگرافی (او سی ٹی) جیسے ٹیسٹ کی مدد سے ہائپر ٹینسیو ریٹینوپیتھی کی ابتدائی علامات کا پتہ لگا سکتے ہیں۔
بلند فشار خون کی روک تھام کے طریقے
بلند فشار خون کو کنٹرول کرنے کے لیے صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، نمک کی مقدار کم کریں، ورزش کریں اور ذہنی دباؤ سے دور رہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ ہائی بلڈ پریشر کی دوائیں خون کے دباؤ کو کنٹرول میں رکھتی ہیں۔
یہ نہ صرف دل اور گردے کی صحت پر اثرانداز ہوتا ہے، بلکہ آنکھوں کی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ اگرچہ یہ عام طور پر خاموشی سے بڑھتا ہے، لیکن اس کی علامات کو جلدی پہچان کر اس کا علاج ممکن ہے۔
زندگی کے طرز کو بہتر بنا کر اور دواؤں کی مدد سے آپ اپنی آنکھوں کو بچا سکتے ہیں اور دیرپا بینائی کے نقصان سے بچ سکتے ہیں۔
















