بھارتی سیاسی رہنما کو تقریر کے دوران شہری نے جوتا دے مارا
بھارتی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں ایک شہری نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر گوپال اٹالیاکو جوتا دے مارا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گجرات کے شہر جام نگر میں عام آدمی پارٹی کے ”گجرات جوڑو پروگرام“ کے دوران اُس وقت شدید بد نظمی پھیل گئی جب گوپال اٹالیا کی تقریر کے دوران ایک شخص نے ان پر جوتا پھینک دیا۔ واقعے کے بعد جلسہ گاہ میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور اے اے پی کارکنوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا، جسے پولیس نے مداخلت کرکے گرفتار کیا۔
رپورٹس کے مطابق اے اے پی کارکنوں نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اُسے اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا۔ بعد ازاں ملزم کی شناخت کانگریس کارکن چھترپال سنگھ جیڈیجا کے طور پر کی گئی۔ پولیس اسے زخمی حالت میں اسپتال لے گئی، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
گوپال اٹالیا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کرانا چاہتے۔ تاہم انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اس طرح کے واقعات کے ذریعے عام آدمی پارٹی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، مگر یہ حربے پارٹی کو ڈرا نہیں سکتے۔
اٹالیا نے کہا ’میں تقریر کر رہا تھا جب اچانک پولیس کی بڑی تعداد اسٹیج کی طرف آتی دکھائی دی، اور پھر ایک شخص نے مجمع میں سے کھڑے ہو کر مجھ پر چپل پھینکی۔ پولیس فوری طور پر اسے لے گئی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’بی جے پی کے پاس پولیس، نظام اور پوری سرکار ہے۔ اگر اے اے پی کو روکنا ہے تو عوام کی خدمت کریں۔ چپلیں اور جوتے پھینک کر عوام کا بھلا نہیں ہوگا۔‘
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جلسے کے مقام پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔













