فلسطینیوں پر حملوں میں اضافہ، اسرائیل نے فوجی بجٹ کئی گنا بڑھا دیا

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو فلسطینی شہید، درجنوں زخمی
شائع 06 دسمبر 2025 08:46am

اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اپنا دفاعی بجٹ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے سال 2026 کیلیے دفاعی بجٹ 112 ارب شیکل یعنی 34.63 ارب ڈالر مقرر کیا۔ وزارت دفاع کے دفتر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تجویز کردہ سے 90 ارب شیکل زیادہ ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ نے دفاعی بجٹ کے فریم ورک پر اتفاق کر لیا جبکہ کابینہ نے آئندہ سال کے بجٹ پر بحث شروع کر دی ہے جسے مارچ تک منظور کرنا ضروری ہے ورنہ نئے انتخابات کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

وزیر دفاع کاٹز نے کہا کہ فوج اپنے اہلکاروں کی ضروریات پوری کرنے اور ریزروسٹز پر بوجھ کم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

AAJ News Whatsapp

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ اور مغربی کنارے میں کارروائیاں بڑھا دی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی گن شپ ہیلی کاپٹرز کی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔

غزہ میں اموات 70 ہزار سے تجاوز کر گئیں، وزارتِ صحت کی تصدیق

نابلس اور دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی فوج کے آپریشن جاری ہیں۔ مغربی کنارے میں نمازِ جمعہ کے موقع پر فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپوں اور فائرنگ کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

غزہ امن معاہدہ ٹوٹنے کا امکان، خفیہ امریکی رپورٹ میں انکشاف

غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، گولہ باری اور گھروں کی مسماری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے سبب شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

فلسطینی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہری شدید خوف میں مبتلا ہیں اور کئی علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

Attacks

increases

Military Budget

several times

Israel's