فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن ایوارڈ سے نواز دیا

ٹرمپ کو  اگلے برس ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب میں فیفا امن ایوارڈ سے نوازا گیا
شائع 05 دسمبر 2025 11:35pm

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا امن ایوارڈ سے نواز دیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو  اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب میں فیفا امن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق جمعے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کی جانب سے پہلا ’’امن ایوارڈ‘‘ دے دیا گیا۔ ورلڈ کپ 2026 کے ڈرا سے قبل واشنگٹن میں ہونے والی تقریب میں فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے ٹرمپ کو ’’دنیا میں امن و اتحاد کے فروغ‘‘ پر سراہا۔

واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈرا سے قبل منعقدہ تقریب اس وقت توجہ کا مرکز بن گئی جب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلا ”فیفا پیس پرائز“ پیش کیا۔

انفینٹینو نے کہا کہ ٹرمپ کو یہ اعزاز ’’دنیا بھر میں امن اور یکجہتی کے فروغ کیلئے غیر معمولی اقدامات‘‘ پر دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ٹرمپ نے اس اعزاز کو ’’زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا آج زیادہ محفوظ ہے‘‘۔ انہوں نے مختلف عالمی تنازعات میں کردار ادا کرنے کا دعویٰ بھی کیا، جن میں کانگو، پاک بھارت تنازع اور مشرقِ وسطیٰ کے حالات شامل ہیں۔

تقریب کے شرکا میں سفارت کار، فیفا حکام اور خصوصی مہمان شامل تھے۔ ٹرمپ نے ورلڈ کپ 2026 کے ریکارڈ ٹکٹ سیلز پر فیفا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ’’دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ‘‘ ہوگا۔

اگرچہ ایوارڈ کا طریقہ کار فیفا نے عوامی نہیں کیا لیکن تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مستقبل میں اس ایوارڈ کے لیے طریقہ کار ایک نئے ’’سوشل ریسپانسبلٹی‘‘ کمیٹی کے ذریعے مرتب کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے امن سے متعلق دعوے کئی تنازعات کی زد میں بھی رہے ہیں، خصوصاً ان کی جانب سے فلسطین، یوکرین، ایران اور دیگر خطوں کے بارے میں دیے گئے بیانات اور پالیسی اقدامات پر عالمی سطح پر تنقید موجود ہے۔

فیفا اور صدر ٹرمپ کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر عالمی سطح پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے اور فیفا صدر کا کہنا ہے کہ ’’فٹبال دنیا کو جوڑنے کا ذریعہ بن سکتا ہے‘‘۔

ایوارڈ کی اس پہلی تقریب نے نہ صرف عالمی توجہ حاصل کی بلکہ سیاست اور کھیل کے تعلق پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Donald Trump

FIFA

FIFA world cup

President Donald Trump

FIFA World Cup 2026

peace award