پاسپورٹ درخواست کے عمل میں بائیومیٹرک تصدیق کی نئی سہولت متعارف

شہری اب پاسپورٹ دفاتر میں لمبی قطاروں کی زحمت سے چھٹکارا پاسکتے ہیں اور گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2025 11:38am

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن پاسپورٹ سروس کو مزید آسان بناتے ہوئے ای سروسز پورٹل کے ذریعے پاسپورٹ کی درخواست دینے کا نیا اور واضح طریقہ کار جاری کردیا ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نادرا کے تعاون سے پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اب بائیومیٹرک تصدیق ”پاک آئی ڈی“ موبائل ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس نظام کے بعد فنگرپرنٹس کو ہاتھ سے اسکین یا دستی طور پر لینے کی روایتی پرانی طریقہ کار کی ضرورت نہیں رہے گی۔ صارف صرف چند کلکس کے ساتھ گھر بیٹھے اپنی شناخت کی محفوظ، تیز اور آسان تصدیق کر سکے گا۔

پورٹل پر یہ سہولت عوام کے لیے 4 دسمبر 2025 سے دستیاب کردی گئی ہے۔

یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنے میں مشکلات پیدا کر دیں

صارف کا پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہے تو وہ لاگ ان کرکے براہِ راست درخواست کا عمل شروع کر سکتا ہے، جبکہ نئے صارفین کو رجسٹریشن فارم میں مطلوبہ معلومات درج کرکے اپنا موبائل نمبر اور ای میل درست فراہم کرنا لازم ہوگا۔ فارم مکمل کرنے کے بعد موصول ہونے والا کوڈ درج کیا جائے اور پھر ای میل پر بھیجے گئے ویریفکیشن لنک کے ذریعے اکاؤنٹ فعال کیا جائے۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد صارف اپنی ای میل اور پاس ورڈ کے ذریعے پورٹل میں داخل ہو سکتا ہے۔

محکمہ پاسپورٹ کے مطابق سسٹم میں پانچ مختلف آپشن دیے گئے ہیں جن میں سے شہری اپنی ضرورت کے مطابق موزوں آپشن منتخب کرسکتے ہیں۔ تاہم پاسپورٹ کی آن لائن رینیول صرف اسی صورت ممکن ہے جب پاسپورٹ کی میعاد ایک سال سے کم رہ گئی ہو۔ نام، پیشہ یا دیگر بنیادی معلومات میں تبدیلی جیسے معاملات اس سروس کے ذریعے نہیں ہو سکیں گے۔

مزید یہ کہ درخواست جمع کراتے وقت شہری ڈراپ ڈاؤن لسٹ سے اپنے قریب ترین پاسپورٹ آفس کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں زیادہ مسافت طے نہ کرنا پڑے۔

پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری، کتنے اور کونسے ممالک میں اب ویزا فری انٹری مل سکے گی؟

درخواست کے لیے درکار تصویر اور دیگر فائلوں سے متعلق بھی رہنمائی دی گئی ہے۔ ہدایات کے مطابق اپ لوڈ کی جانے والی تصویر یا دستاویز کا حجم دیے گئے ایم بیز سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور تمام فائلیں پی این جی، جے پی جی یا جے ای پی جی فارمیٹ میں ہونا ضروری ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں کے لیے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کا بھی نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کر دیا ہے، جس کے تحت اب فیس صرف ایک منٹ میں ادا کی جا سکتی ہے اور نیشنل بینک کی لمبی قطاروں سے نجات مل گئی ہے۔

فیس کی ادائیگی “پاسپورٹ فیس آسان” موبائل ایپ، اور “پے ماسٹر ڈاٹ پی کے”ویب پورٹل کے ذریعے چوبیس گھنٹے ممکن ہے، جس کا مقصد پاسپورٹ اجرا کے عمل کو زیادہ سہل اور مؤثر بنانا ہے۔

فیس کی ادائیگی انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم، ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے۔

AAJ News Whatsapp

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ اس آن لائن سسٹم کا مقصد شہریوں کو زیادہ آسان، محفوظ اور مؤثر سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنا پاسپورٹ جدید طریقے سے، بغیر کسی غیر ضروری انتظار کے حاصل کرسکیں۔ فیس سے متعلق اور کاغذات اپلوڈ سے متعلق تمام معلومات پورٹل پر موجود ہیں۔ کسی بھی آن لائن یا قوائد اور ضوابط میں تبدیلی ممکن ہے لہٰذا باخبر رہنے کے لئے ضروری ہے کہ ویب سائٹ پر وزٹ کریں۔

Passport

identity verification

RPO

DGI & P

fingerprints

online application