انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کو سزائیں سنا دی گئیں

یونان کشتی حادثہ اور دیگر کیسز میں برطرفیاں، تنزلی اور تنخواہ میں کٹوتیاں
شائع 01 دسمبر 2025 03:59pm

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں محکمانہ احتساب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ مختلف کیسز میں متعدد افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں اور سزائیں سنائی گئی ہیں۔

یونان کشتی حادثہ اور دیگر معاملات کی تحقیقات کے دوران کئی افسران کو برطرف کیا گیا۔ کراچی ائیرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز برطرف ہوئے، جبکہ فیصل آباد ائرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی برطرف کیا گیا۔

انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبہ پر ملتان ائرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی تنخواہ اور عہدے میں کمی کی گئی۔ ناقص تفتیش کی بنیاد پر دو سینئر انویسٹی گیٹرز اور ایک اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ، چار اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپکٹر کی تنخواہوں میں کمی کی گئی ہے۔

AAJ News Whatsapp

محکمانہ کارروائی میں چھ سب انسپکٹرز اور ایک اے ایس آئی کی اپیلیں مسترد کی گئیں اور ان کی برطرفی کی سزا برقرار رکھی گئی۔ تین ہیڈ کانسٹیبل اور پانچ کانسٹیبلز کی اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ ایل ڈی سی کی غیر حاضری پر دی گئی برطرفی کی سزا بھی برقرار رکھی گئی۔

سپریٹنڈنٹ اور سب انسپیکٹر کی اپیل پر پروموشن روکنے کی سزا کو نظر ثانی کرتے ہوئے سینشور میں تبدیل کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کا محکمانہ احتساب کا یہ عمل ادارے میں نظم و ضبط اور احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Sentenced

trafficking

involved in human

FIA officials