کراچی: سمندر میں دو مسافر لانچوں میں تصادم، دو خواتین جاں بحق، 12 مسافر زخمی

حادثے میں بچوں سمیت 19 افراد زخمی، پائلٹ بوٹ سے ٹکرانے کی اطلاع کی تردید
شائع 01 دسمبر 2025 09:50am

کراچی کے ساحلی علاقے کیماڑی میں بابا بھٹ کے قریب دو مسافر لانچوں میں تصادم کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے سمندر میں گرنے والے تمام مسافروں کو نکال لیا۔

کراچی کے علاقے کیماڑی میں بابا بھٹ جاتے ہوئے دو نجی مسافر لانچیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دو خواتین جان کی بازی ہار گئیں جبکہ بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے۔ دونوں لانچوں میں 20 سے 25 مسافر سوار تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر ایک پائلٹ بوٹ کی ٹکر سے پیش آیا، تاہم پولیس نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

AAJ News Whatsapp

جیکسن تھانے کے ایس ایچ او رانا خوشی محمد نے اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس ٹیموں کو موقع پر بھیج دیا گیا۔

ان کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین اور زخمی مسافر کیماڑی سے بابا بھٹ شاہ اور منوڑا گھومنے آئے تھے۔ زخمیوں کو سول اسپتال، جناح اسپتال اور ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پائلٹ بوٹ کے ٹکرانے کے شواہد نہیں ملے۔ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جاں بحق ہونے والی خواتین میں 16 سالہ مقدس اعجاز اور 30 سالہ عروسہ شامل ہیں۔

12 passengers injured

two women killed

launches collide at sea

Two passenger