ضمنی انتخابات میں نتائج کے عمل میں شفافیت کا خلا پایا گیا، فافن کی رپورٹ

،،ترانوے فیصد پولنگ بوتھس پر پولنگ پُرامن اور منظم رہی
شائع 28 نومبر 2025 05:26pm

فافن کی رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں نتائج کے عمل میں شفافیت کا خلا پایا گیا۔

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مجموعی طور پر انتخابی انتظامات کو بہتر قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے 93 فیصد پولنگ بوتھس پر پولنگ کا عمل پُرامن اور منظم رہا۔ فافن کے 122 مبصرین نے 373 پولنگ اسٹیشنز کا مشاہدہ کیا، جن کی بنیاد پر انتخابی عمل کا جائزہ پیش کیا گیا۔

تاہم رپورٹ میں انتخابی مہم کی خلاف ورزیوں اور نتائج میں شفافیت کے خلا کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ فافن کے مطابق زیادہ تر حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے کم ریکارڈ کیا گیا۔

مبصرین نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ 49 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کی آمد و رفت میں سہولت کاری دیکھنے میں آئی۔ خواتین، بزرگ شہریوں اور معذور ووٹرز کے لیے انتخابی انتظامات کو غیر یکساں اور ناکافی قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 97 فیصد پولنگ ایجنٹس نے پولنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، جو کہ مجموعی انتخابی انتظامات کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

فافن کی رپورٹ نے ضمنی انتخابات میں پُرامن ماحول کی تصدیق کے ساتھ ساتھ انتخابی اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے، تاکہ مستقبل میں انتخابی عمل مزید شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔

Elections

by elections

fafen report

Voter Turnout

Election Monitoring

Voting Process

Election Transparency