نیپال کے 100 روپے کے نوٹ سے بھارت میں واویلا کیوں؟

کرنسی نوٹ پر لیپولیکھ، لمپیادھورا اور کالا پانی جیسے متنازع علاقے بھی شامل
شائع 28 نومبر 2025 03:34pm

نیپال نے 100 روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا ہے، جو ایک بار پھر پڑوسی ملک بھارت سے خراب سفارتی تعلقات کی وجہ بن گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال راسٹرا بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اس نوٹ پر سابق گورنر مہا پرساد ادھیکاری کے دستخط موجود ہیں جبکہ اجراء کا سال 2081 BS درج ہے، جو گزشتہ برس 2024 کے مساوی ہے۔

نئے نقشے پر مشتمل یہ نوٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع ایک بار پھر موضوع بحث بن رہا ہے۔ یہی تین متنازع علاقے اُس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنے جب 2020 میں بھارت نے چین کے ساتھ سرحد پر نظر رکھنے کے لیے اتراکھنڈ میں لیپولیکھ درے تک ایک نئی سڑک تعمیر کی۔

AAJ News Whatsapp

اس کے جواب میں نیپال نے ایک نیا سیاسی نقشہ جاری کیا تھا جس میں کالاپانی، لیپولیکھ اور لمپیادھورا کو باضابطہ طور پر نیپال کی سرحد کے اندر شامل کیا گیا۔ بعد ازاں نیپالی پارلیمنٹ نے بھی اس نقشے کی منظوری دی تھی۔ بھارت نے اس اقدام کو یکطرفہ اور ”مصنوعی توسیع“ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

نیپال میں بھارتی پرچم لہرانے پر طلحہ انجم نے معافی مانگ لی

نیپال اپنے دعوے کی بنیاد 1816 کے سوگولی معاہدے کو بناتا ہے جو برطانوی راج اور نیپال کے درمیان ہوا تھا، جبکہ بھارت کا کہنا ہے کہ یہ علاقے 1962 کی چین، بھارت جنگ کے بعد سے اس کے کنٹرول میں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نئے نقشے میں نیپال نے اپنی سرزمین میں 335 مربع کلومیٹر اضافے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

نیپالی کرنسی پر بھارتی علاقے شامل، انڈیا تلملا اٹھا

نئے 100 روپے کے نوٹ کا ڈیزائن گزشتہ برس منظور کیا گیا تھا، اسی لیے نوٹ پر 2024 کا سال درج ہے۔ نوٹ کے بائیں جانب ماؤنٹ ایورسٹ کی تصویر، دائیں جانب قومی پھول رہاڈو ڈینڈرَن کا واٹر مارک، پس منظر میں ہلکے سبز رنگ کا نیپال کا نقشہ اور اس کے قریب اشوکا ستون کے ساتھ ”لمبنی، بدھ کا جائے پیدائش“ درج ہے۔ پچھلے حصے پر گینڈے کی تصویر کے ساتھ سکیورٹی تھریڈ اور نابینا افراد کے لیے ابھرا ہوا کالا نقطہ بھی شامل ہے۔

نئے نوٹ کے اجراء کے بعد بھارت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل تو سامنے نہیں آیا، تاہم بھارتی میڈیا میں اسے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Currency Notes

Territories

It Has 3 Indian

With New Map

Rs 100

Nepal Issues