افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون پولیس اہلکار ہلاک، ٹرمپ کی تصدیق

ٹرمپ نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی حالت بھی نازک ہے
شائع 28 نومبر 2025 09:05am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ مرد اہلکار کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ 20 سالہ سارہ بیک اسٹورم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 24 سالہ انڈریو وولف کی حالت تشویشناک ہے  اور وہ  اس وقت اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے، ٹرمپ نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی حالت بھی نازک ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈٰیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اہلکار  ملک کی خدمت کررہے ہیں لیکن غیرقانونی طور پر آنے والے مشکلات پیدا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکام سے غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق تفصیلی بات کی ہے۔

AAJ News Whatsapp

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جس وقت بائیڈن دور کی امیگریشن جانچ میں خامیاں سامنے آگئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس دنیا کی بہترین فوج اور دفاعی آلات ہیں اور وینزویلا کو حد میں رکھنے کے لیے جلد اقدامات شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدارتی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے بالکل قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ویسٹ ورجینیا نیشنل گارڈ کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے، جبکہ پولیس نے حملہ آور کو بھی گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر تنہا کارروائی کر رہا تھا۔ فائرنگ کے بعد فوری طور پر وائٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا اور سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔

firing

Washington DC

afghan citizen

President Donald Trump