سہ ملکی ٹی 20 سیریز: سری لنکا کا پاکستان کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف
سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں پاکستان کی دعوت پر سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔
سری لنکا کی بیٹنگ
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا اور کامِل مشارا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 16 کے اسکور پر سری لنکا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، پاتھم نسانکا محض 7 رنز بناکر سلمان مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد نئے آنے والے بلے باز نے کوسال مینڈس نے کامل مشارا کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 82 رنز تک پہنچایا۔ جس کے بعد کوسال مینڈس23 گیندوں پر 40 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کا شکار بن گئے۔
سری لنکا کی تیسری وکٹ 96 رنز پر گئی، کوسال پریرا صرف 6 رنز ہی بناسکے اور صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایک اینڈ پر کامل مشارا ڈٹے رہے اور نئے آنے والے بلے باز جانتھ لیانیگے کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 57 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 153 رنز تک پہنچایا تو کامل مشارا ابرار احمد کا شکار بن گئے۔
کامل مشارا نے 48 گیندوں پر 76 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں جانیتھ لیانگے نے 24 رنز اور داسن شانہ نے 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کا ٹاس
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کا آخری گروپ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کر سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شانکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، پچ بولنگ اور بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔
میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر عثمان طارق اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا جب کہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور ابرار احمد کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان اور عثمان خان ٹیم میں شامل ہیں جب کہ فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کوسال مینڈس (وکٹ کیپر)، کامِل مشارا، کوسال پریرا، جانتھ لیانیگے، داسن شاناکا (کپتان)، پوان رتھنا ایکے، وانندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا، ماہیش تھیکشنا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم اب تک سیریز کے تمام میچز میں ناقابل شکست رہی ہے اور سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔
سری لنکا کو فائنل مقابلے میں رسائی یقینی بنانے کے لیے میچ میں پاکستان کو شکست دینی ہوگی لیکن پاکستان سے شکست کی صورت میں لنکن ٹائیگرز اور زمبابوے میں سے بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ کرے گی۔
















