ملک بھر کے صارفین کیلئے خوشخبری: بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان
ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایک ماہ کیلئے بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو درخواست جمع کروا دی ہے جس پر آج سماعت ہوگی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں دائر اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اکتوبر کے دوران فیول لاگت میں کمی آئی، جس کے باعث ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی کی جا سکتی ہے۔
نیپرا اتھارٹی اس درخواست پر آج سماعت کرے گی اور اگر قیمت میں کمی کی منظوری دے دی گئی، تو اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
اکتوبر میں بجلی کی پیداوار کے حوالے سے سی پی پی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانی سے بجلی کی پیداوار 27.36 فیصد رہی، جس نے مجموعی لاگت کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے بعد مقامی کوئلے سے 12.76 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 4.71 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔
کے الیکٹرک کی بجلی 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست پر نیپرا میں سماعت
رپورٹ کے مطابق گیس سے 9.16 فیصد جبکہ درآمدی آر ایل این جی سے 19.72 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ اس دوران نیوکلئیر ذرائع سے بجلی کی پیداوار 22.13 فیصد رہی، جو ملک کی مجموعی توانائی میں ایک اہم حصہ ہے۔
کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 5 روپے تک سستی ہونے کا امکان
سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ سستے ذرائع سے پیداوار بڑھنے کے باعث صارفین کو ریلیف دینے کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے آج ہونے والی سماعت کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ صارفین کو آئندہ ماہ واقعی کتنی کمی کا فائدہ مل سکے گا۔
















