ایپل کو بھارت میں بھاری جرمانے کا خطرہ، قانونی جنگ شروع

درخواست میں ایپل نے دعویٰ کیا کہ سی سی آئی نے اس قانون کو پہلی بار 10 نومبر کو ایک غیر متعلقہ کیس میں استعمال کیا گیا
شائع 27 نومبر 2025 09:42am

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارت کے نئے اینٹی ٹرسٹ جرمانے کے قانون کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ یہ وہ قانون ہے جس کے تحت کمپنی پر ممکنہ طور پر 38 ارب ڈالر تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے “رائٹرز“ کے مطابق یہ چیلنج ایک ایسی 545 صفحات پر مشتمل عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کے ذریعے کیا گیا ہے، جو عوام کے لیے دستیاب نہیں۔

یہ قانون گزشتہ برس منظور کیا گیا تھا، جس کے تحت کمپیٹیشن کمیشن آف انڈیا کو اختیار حاصل ہے کہ نہ صرف بھارتی آمدنی کی بنیاد پر بلکہ وہ کمپنی کی عالمی سالانہ آمدنی کی بنیاد پر جرمانہ مقرر کر سکتا ہے۔

2022 سے ٹنڈر کی مالک کمپنی میچ گروپ اور متعدد بھارتی اسٹارٹ اپس، ایپل کے خلاف سی سی آئی میں اینٹی ٹرسٹ مقدمات میں مصروف ہیں۔ گزشتہ سال ادارے کے تفتیش کاروں نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایپل نے اپنے آئی فون آپریٹنگ سسٹم کی ایپس مارکیٹ میں استحصالی طرزِ عمل اختیار کیا تاہم ایپل نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

اپنی درخواست میں ایپل نے دلیل دی کہ بھارت کو صرف اسی مخصوص کاروباری یونٹ کی بھارتی آمدنی کی بنیاد پر جرمانہ عائد کرنا چاہیے جو قانون کی خلاف ورزی کرے۔

AAJ News Whatsapp

کمپنی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی دکاندار کھلونوں کا کاروبار بھی کرتا ہے اور اسٹیشنری بھی بیچتا ہے، اور خلاف ورزی صرف 100 روپے کے کھلونوں کے کاروبار میں ہوئی ہے، تو اس کی 20 ہزار روپے کی اسٹیشنری آمدنی پر جرمانہ لگانا ’منصفانہ نہیں‘۔

ایپل نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ سال 2024 میں متعارف کرایا گیا یہ قانون جس کے تحت سی سی آئی عالمی ٹرن اوور کو جرمانے کی بنیاد بنا سکتا ہے، غیر قانونی، من مانا، غیر آئینی اور غیر متناسب ہے۔

درخواست میں ایپل نے دعویٰ کیا کہ سی سی آئی نے اس قانون کو پہلی بار 10 نومبر کو ایک غیر متعلقہ کیس میں استعمال کیا، جہاں مبینہ خلاف ورزی 10 سال پرانی تھی۔ ایپل نے کہا کہ اس صورت حال میں اسے ’’ریٹروسپیکٹو‘‘ یعنی ماضی پر نافذ کیے گئے قانون کے اطلاق سے بچنے کے لیے یہ آئینی چیلنج دائر کرنا ناگزیر تھا۔

ایپل کا مؤقف یہ بھی ہے کہ وہ بھارت میں گوگل اینڈرائیڈ کے مقابلے میں کمزور کھلاڑی ہے۔ تاہم کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے مطابق بھارت میں ایپل اسمارٹ فون صارفین کا بیس گزشتہ پانچ سال میں چار گنا بڑھ چکا ہے۔

سی سی آئی نے اب تک کیس کے حتمی فیصلے یا کسی ممکنہ جرمانے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ایپل کی درخواست کی سماعت 3 دسمبر کو ہوگی۔

india

iPhone

Delhi High Court

penalty

$38 billion fine

Apple contests