تھائی لینڈ میں بارش کا 300 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیلاب کے باعث اموات 33 ہوگئیں

رسیکیو ٹیمیں کشتیوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے لگیں
شائع 27 نومبر 2025 12:46am

تھائی لینڈ میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش نے 300 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جہاں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے باعث اموات 33 ہوگئیں جب کہ رسیکیو ٹیمیں کشتیوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے لگیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تھائی لینڈ کے جنوبی شہر ہاٹ یائی سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ حکام کے مطابق سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی جب کہ تھائی لینڈ اور ملائیشیا میں مجموعی طور پر تقریباً 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

تھائی حکومت کے مطابق سیلاب 10 صوبوں سے گزرا جب کہ ملائیشیا کی 8 ریاستیں بھی متاثر ہوئیں۔ بنکاک میں سرکاری ترجمان سری پونگ انگکاساکلکیات نے بتایا کہ ہلاکتوں کی بڑی وجہ ڈوبنے، بجلی کے جھٹکوں اور بھوسکھلن جیسے واقعات ہیں۔

تین روزہ طوفانی بارشوں کے باعث ہاٹ یائی شہر میں اسپتالوں سمیت متعدد عمارتیں زیر آب آگئیں اور ہزاروں شہری چھتوں پر پھنس گئے۔ جمعے کو شہر میں 400 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 300 برسوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔

فوج نے امدادی کارروائیوں کے لیے کشتیوں، ہیلی کاپٹروں اور واحد طیارہ بردار جہاز کو بھی تعینات کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق 200 سے زائد کشتیاں اور 20 ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء پہنچا رہے ہیں جب کہ شہریوں کی جانب سے 77 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں شہر کی گلیوں میں کشتیاں چلاتے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر چھتوں پر محصور شہریوں تک ضروری سامان پہنچا رہے ہیں اور دیگر طیاروں کے ذریعے آکسیجن سلینڈر، جنریٹر اور دیگر سامان بھیجا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا میں بھی حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 8 سے 13 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ ملائیشیا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

thailand

thailand rain and flood