بولان میں گھر کے اندر بارودی سرنگ کا دھماکا، 3 بچے جاں بحق
بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل سنی میں گھر کے اندر بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
قائم مقام ایس پی کچھی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ بولان کی تحصیل سنی کے علاقے میں دھماکا عبدالحئی جتوئی نامی شخص کے گھر میں اچانک بارودی سرنگ پھٹ گئی، جہاں اس وقت گھر کے افراد موجود تھے اور دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کی چھت گر گئی اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے اور ایک لڑکی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک بچی اور 2 مرد زخمی ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ ندیم احمد، 13 سالہ سونا خان اور 13 سے 14 سالہ بی بی بختاور کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل رات کے وقت اس گھر میں بارودی مواد بچھایا تھا جو آج دھماکے سے پھٹ گیا، واقعے کی نوعیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک ٹارگٹڈ دھماکا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا اور فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے، حساس ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہو گئے ہیں۔












