پاک بحریہ کا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کاکامیاب تجربہ
پاکستان نیوی نے جہاز سے داغے جانے والے مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ جدید ہتھیار سمندر اور زمین دونوں پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سسٹم میں اسٹیٹ آف دی آرٹ گائیڈنس ٹیکنالوجی، جدید مناورنگ خصوصیات اور ہائی پریسجن ٹریکنگ صلاحیتیں شامل ہیں، جو اسے خطے میں ایک نمایاں اسٹریٹجک اثاثہ بناتی ہیں۔
فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سینئر سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ ٹیموں کے ہمراہ کیا۔ تجربے کے دوران میزائل نے اپنے تمام تکنیکی و عملی اہداف کامیابی سے حاصل کیے، جسے پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی اور تکنیکی مہارت کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کامیاب ٹیسٹ نے پاکستان نیوی کے قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
نیول چیف نے اس موقع پر سائنٹیفک کمیونٹی، انجینئرز اور تمام متعلقہ یونٹس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی دفاعی خود انحصاری میں ایک اور اہم قدم ہے۔
صدرِ پاکستان آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے بھی اس شاندار کامیابی پر پاکستان نیوی اور شریک سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اسے قومی دفاع کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔













