جاپان: 1 ارب کی لاٹری جیتنے والے شخص نے بیوی سے چُھپ کر کروڑوں اُڑا دیے

جاپانی شخص نے انعامی رقم کو کفایت شعار بیوی سے چھپائے رکھا۔ لگژری گاڑی اور سفر پر کروڑوں روپے پھونک ڈالے
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2025 03:25pm

جاپان میں ایک شخص نے تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے کی لاٹری جیتنے کے بعد خفیہ طور پر مہنگی گاڑی، پُرتعیش ریزورٹس اور سفر میں لاکھوں یَن اڑا دیے۔ بھرپور عیاشی کے بعد آخر اسے احساس ہوگیا بغیر محنت کے ملنے والی دولت انسان کو ہر چیز سے دور کردیتی ہے۔

جاپانی میڈیا کے مطابق 66 سالہ ’ایس‘ نامی شخص نے 600 ملین یَن کی لاٹری جیتنے کے بعد اِس رقم کو اپنی کفایت شعار بیوی سے خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ یہ رقم امریکی ڈالر کے حساب سے 3.8 ملین ڈالر اور پاکستانی کرنسی کے مطابق ایک ارب 80 کروڑ روپے بنتی ہے۔

’ایس‘ ایک بڑی مینوفیکچرنگ کمپنی سے ریٹائرڈ ہے اور اہلیہ کے ساتھ ٹوکیو میں رہائش پذیر ہے جہاں دونوں کی مشترکہ ماہانہ پنشن 3 لاکھ ین (تقریباً ساڑھے 5 لاکھ روپے) ہے۔

مہنگی شہری زندگی اور دو بچوں کی تعلیم کے اخراجات کے باوجود اس جوڑے نے مستقبل کے لیے 27 ملین ین (48 لاکھ روپے) جمع کر رکھے تھے۔

امریکا: بلیک فرائیڈے پر ریکارڈ ہجوم متوقع، مہنگائی اور کم رعایتوں کے باعث محدود خریداری کا امکان

’ایس‘ روزانہ اخبار پڑھنے کے لیے مقامی کافی شاپ جاتا اور ناشتے کے بعد 300 یَن مالیت کی چند لاٹریاں خرید لیتا تھا۔ ایک دن اسے اطلاع ملی کہ وہ لاٹری میں بڑی انعامی رقم جیت چکا ہے جس کےلیے اسے بینک جا کر تصدیق کرنی ہوگی۔

بینک میں اسے معلوم ہوا کہ وہ 600 ملین یَن کا انعام جیت گیا ہے۔ پہلے تو اسے یہ سب اسکے ساتھ کوئی مذاق لگا تاہم اس نے یہ رقم حاصل کرلی۔

AAJ News Whatsapp

’ایس‘ کی بیوی ضرورت سے زیادہ کفایت شعار تھی، مالی معاملات اور اخراجات میں سختی کرتی تھی۔ اس نے شادی کے بعد ’ایس‘ کے شراب پینے پر پابندی لگائی اور مہنگی گاڑی خریدنے سے بھی روکتی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ ’ایس‘ نے اس رقم کو چھپانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے بیوی کو بتایا کہ اسے صرف 5 ملین یَن ملے ہیں جو گھر کی مرمت پر خرچ ہوں گے۔
پاکستان میں آن لائن جُوئے کی لت بے قابو، زندگیاں کیسے برباد ہو رہی ہیں؟
دوسری جانب وہ خفیہ طور پر مہنگی لگژری کار خرید چکا تھا، جس میں وہ جاپان بھر میں سفر کرنے لگا اور اعلیٰ درجے کے ہاٹ اسپرنگ ریزورٹس میں قیام کرتا رہا۔ محض چھ ماہ میں اس نے 18 ملین یَن ( ساڑھے 3 کروڑ روپے) خرچ کر ڈالے۔

شک سے بچنے کے لیے وہ روزانہ زیرِ زمین ٹرین کے ذریعے کار پارکنگ تک جاتا جہاں اس کی نئی گاڑی کھڑی ہوتی، پرانے کپڑے پہنتا اور اپنے جاننے والوں سے فاصلہ رکھتا۔ تاہم جلد ہی یہ خفیہ عیاشی اس کے لیے پریشانی کا باعث بننے لگی۔


سفر کے دوران دوسرے خاندانوں کو دیکھ کر وہ اپنے گھر والوں کو یاد کرنے لگا اور بچپن کی تلخ یادیں بھی ستانے لگیں، خاص طور پر اسکے والد جو طلاق اور مالی مشکلات کے بعد فوت ہوگئے تھے۔ اس نے محسوس کیا کہ اس کے تمام منفی جذبات نے لاٹری جیتنے کے بعد جنم لیا ہے۔


اس نے اعتراف کیا کہ ’اگر یہ پیسہ میں نے محنت سے کمایا ہوتا تو مجھے فخر محسوس ہوتا، مگر بغیر کوشش کے ملنے والی دولت زندگی کو ہلا کر رکھ دیتی ہے‘۔

آخرکار ’ایس‘ نے مالی مشیر سے مشورہ کیا اور تقریباً 500 ملین یَن کی سرمایہ کاری شروع کی، جبکہ اپنی بیوی اور بچوں کو قانونی طور پر اس رقم کا حقدار قرار دیا تاکہ اسکی موت کے بعد وہ معاشی تحفظ حاصل کر سکیں۔

اس کی کہانی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔ جس پر خوب تبصرے کیے جارہے ہیں۔ عام تاثر عام لوگوں کے لیے اچانک ملنے والی دولت خوشی کے بجائے اکثر اقدار کے تصادم اور شناختی بحران کا سبب بنتی ہے۔

tokyo

Japan

lifestyle

Lottery

Lottery Winner