جوڈیشل کمپلیکس حملہ: کابل پہنچنے پر بریفنگ دی گئی، گرفتار دہشت گرد کے انکشافات
اسلام آباد خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور تربیت سے متعلق گرفتار دہشت گرد کے ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مضافات میں 12 نومبر کو ہونے والا خودکش حملہ بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڑیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور انٹیلیجنس بیورو کی مشترکہ کارروائی میں 48 گھنٹے کے اندر چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار دہشت گردوں کے اعترافی بیانات سے حملے کے تمام منصوبے بھی سامنے آ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد ساجد اللہ عرف شینا کے مطابق وہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کمانڈر کے رابطے میں تھا، جس نے اسے افغانستان آنے کی ہدایت دی تھی۔
عطا تارڑ کے مطابق ساجد اللہ نے بتایا کہ وہ جلال آباد سے کابل پہنچا جہاں اسے اسلام آباد حملے کی بریفنگ دی گئی۔ خودکش جیکٹ پشاور کے قبرستان سے حاصل کی گئی اور اسلام آباد پہنچائی گئی۔
ساجد اللہ نے اعتراف کیا کہ کابل میں موجود نور ولی محسود نے خودکش حملے کا حکم دیا اور افغانستان میں موجود خوارج کے ساتھ رابطہ بھی تھا۔ حملے کا خودکش بمبار ننگرہار کا رہائشی تھا اور دہشت گرد اسلام آباد کے مضافات کو ہدف بنا رہے تھے۔
عطا تارڑ کے مطابق بروقت کارروائی کے تحت بڑے نقصان سے بچنا ممکن ہوا اور دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔ ساجد اللہ نے مزید بتایا کہ قاری عثمان نامی شخص نے اس سے رابطہ کیا اور اسے مزید ہدایات دیں۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق پاک فوج اور دیگر ادارے قربانی دے کر ملک کی حفاظت کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 12 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ملک میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے اور تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں اور خودکش حملہ آور کو کمرا کرائے پر دینے والے سہولت کار کو بھی گرفتار کیا تھا۔
حکام کے مطابق ساجد اللہ عرف شینا خودکش حملہ آورکا ہینڈلر تھا، جس نے دورانِ تفتیش بتایا کہ جوڈیشل کمپلیکس حملہ کی ہدایت فتنۃ الخوارج کے کمانڈر سعیدالرحمان عرف داداللہ نے دی تھی۔















