ایتھوپیا کے آتش فشاں کی راکھ بھارت کی فضائی حدود میں داخل

غیر متوقع اس سرگرمی کے بعد قریبی گاؤں افدیرا (Afdera) دھول اور راکھ کی موٹی تہہ سے ڈھک گیا۔
اپ ڈیٹ 24 نومبر 2025 11:55pm

ایتھوپیا کے شمالی علاقے افار (Afar) میں ہزاروں برس سے غیر فعال ہیلی گُبی (Hayli Gubbi) آتش فشاں اتوار کی صبح یکایک پھٹ پڑا، جس کے بعد اٹھنے والے راکھ کے بڑے بادل بحیرہ احمر عبور کرتے ہوئے یمن، عمان کے بعد بھارت تک پہنچے ہیں۔

ایتھوپیا میں دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800 کلومیٹر دور افار ریجن میں  12 ہزار سال سےخاموش  ہیلی گُبی آتش فشاں پھٹنے کے بعد اس سے نکلنے والی راکھ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ کے بادل 46 ہزار فُٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔

ٹائم آف انڈیا کے مطابق، یہ راکھ کا بادل ہوا کے رخ کے ساتھ شمال مشرق کی جانب یمن، عمان اور 24 نومبر تک بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا، جس کی وجہ سے بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے پروازوں میں ممکنہ رکاوٹوں سے خبردار ہونے کا مشورہ جاری کر دیا ہے۔

ایئرپورٹس کو بھی رن ویز کی جانچ کرنے اور ضرورت پڑنے پر آپریشن معطل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ راکھ کے بادل مشرق کی طرف دہلی اور جئے پور کی سمت بڑھ رہے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے عہدیدار محمد سعید نے ایسوسی ایٹیڈ پریس (اے پی)کو بتایا کہ آتش فشاں ہیلی گُبی پھٹنے کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم راکھ برسنے سے گلہ بانی کرنے والی مقامی برادری کی معاشی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

ان کے مطابق اس آتش فشاں کے ماضی میں پھٹنے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ اس اچانک سرگرمی پر خاصے تشویش میں مبتلا ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ انسانی جانوں اور مویشیوں کا نقصان نہیں ہوا، لیکن کئی دیہات مکمل طور پر راکھ سے ڈھک چکے ہیں اور جانوروں کے لیے خوراک بھی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔

فرانس کے Toulouse Volcanic Ash Advisory Center نے بھی سیٹلائٹ تصاویر میں آتش فشاں کے پھٹنے کی تصدیق کی۔ افار خطہ اپنی فالٹ لائنز اور زلزلوں کے لیے جانا جاتا ہے اور ایک مقامی رہائشی احمد عبدیلا نے بتایا کہ زیرِ زمین شدید دھماکے کی آواز نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔

احمد عبداللہ کے مطابق ایسا لگا جیسے کہیں اچانک بم پھٹ گیا ہو۔ دھواں اور راکھ فوراً آسمان کی طرف اٹھنے لگے۔

آتش فشاں کے قریب واقع ڈینا کیل صحرا بھی متاثر ہوا جہاں پیر کے روز تک سیاح اور ان کے گائیڈز راکھ کے باعث گاؤں میں پھنسے ہوئے تھے۔ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں آسمان تک بلند ہوتے ہوئے راکھ کے گھنے بادل واضح طور پر نظر آتے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں آتش فشانی سرگرمیوں اور زلزلوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ماہرین کے مطابق اس اچانک تبدیلی کی وجوہات جاننے کے لیے مزید سائنسی تحقیق ضروری ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات پاکستان نے ایتھوپیا کے آتش فشاں سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان محکمہ موسمیات پاکستان انجم نذیر کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کی راکھ گوادر کے جنوب میں 60 ناٹیکل مائل پر دیکھی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ  محکمہ موسمیات نے پہلی بار کسی آتش فشاں کی راکھ سے متعلق الرٹ جاری کیا، یہ راکھ 45ہزار فٹ کی بلندی پر تھی۔ محکمہ مقوسمیات کا کہنا ہے کہ یہ راکھ بین الاقومی پروازوں کے جہاز کے انجن کو متاثر کرسکتی ہیں۔

Aviation Alert

Hayli Gubbi

Volcano erupts in northern Ethiopia

India Air space

Ash Plume

East African Rift

Afar Region

Volcano Eruption