گوہاٹی ٹیسٹ: جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط، بھارت شکست کے دہانے پر

جنوبی افریقا کے پاس دو دہائیوں بعد بھارت کو ہوم سیریز میں شکست دینے کا موقع ہے۔
شائع 24 نومبر 2025 04:21pm

گوہاٹی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ پروٹیز بالنگ اٹیک کی شاندار کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم ریکارڈ قائم کرنے کو تیار ہے۔

بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل بھی مہمان ٹیم کے نام رہا۔ اوپنرز نے ٹیم کو پُراعتماد آغاز فراہم کرتے ہوئے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 26 رنز بنائے، جس سے جنوبی افریقا کی برتری 314 رنز تک پہنچ گئی ہے۔


اس سے قبل پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم جنوبی افریقا کے 489 رنز کے تعاقب میں 201 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے یشاسوی جیسوال 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ واشنگٹن سندر نے 48 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے نقصان سے بچانے کی کوشش کی۔ دونوں نے ساتویں وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران میزبان ٹیم صرف 122 رنز پر 7 وکٹیں کھو چکی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور بھارتی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔

AAJ News Whatsapp


جنوبی افریقا کے بیٹرز نے پہلی اننگز میں بھارتی بولرز کو مشکل میں ڈالے رکھا۔ آل راؤنڈر سینوران متوسوامی نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی جبکہ مارکو جانسن نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج، جسپریت بُمرہ اور رویندرا جڈیجا نے 2، 2 آؤٹ کیے۔

ایڈن گارڈنز میں ناقص کارکردگی کے بعد بھارتی بیٹرز گوہاٹی کی پِچ پر بھی پہلی اننگز میں بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ میزبان ٹیم کو اب میچ اور سیریز میں واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب جنوبی افریقا کے پاس برسوں بعد بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا یہ شاندار موقع ہے۔

جنوبی افریقا اب تک بھارت میں صرف ایک بار ٹیسٹ سیریز جیتا ہے، جو 1999-2000 کے سیزن میں تھی۔ اس سیریز میں جنوبی افریقا نے دو میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو پلیئرز کمبینیشن کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا تھا اور پچ پر بھی اعتراضات سامنے آئے تھے، تاہم گوہاٹی کی بیٹنگ فرینڈلی پچ پر بھی بھارتی بیٹرز تاحال خاطر خواہ کامیابی نہیں دکھا سکے ہیں۔

Rishabh Pant

india vs south africa

Guwahati Test

Ind vs SA

India vs South Africa Test Series